امریکہ میں دو ماہ بعد پانچ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار اور نائب صدر کاملا ہیرس اور ری پبلکن پارٹی کے امیدوار سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان صدارتی مباحثہ ہوا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے ’اے بی سی‘ کی میزبانی میں ہونے والے اس مباحثے کا دورانیہ نوے منٹ تھا جس میں میزبانوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے امیدواروں نے جواب دیے۔ مباحثے میں امریکی معیشت، یوکرین جنگ، افغانستان سے فوجی انخلا سمیت دیگر ملکی و بین الاقوامی امور پر امیدواروں نے اپنے خیالات پیش کیے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ دونوں امیدوار مباحثے میں براہِ راست آمنے سامنے آئے تھے۔