رسائی کے لنکس

امریکہ کی کئی ریاستوں میں برفانی طوفان


دارالحکومت واشنگٹن میں بھی پیر کو خراب موسم کے باعث سرکاری دفاتر میں کام کا آغاز معمول سے دو گھنٹے تاخیر سے ہوا۔

امریکہ کی مغربی اور وسطی ریاستیں ان دنوں شدیدبرفانی طوفان کا سامنا کر رہی ہیں جس کےباعث متاثرہ علاقوں میں نظامِ زندگی مفلوج ہوکے رہ گیا ہے اور ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

طوفان کے باعث شمالی ٹیکساس سے نیویارک تک کے علاقوں میں گزشتہ دو دنوں کے دوران شدید بارش اور برف باری ہوئی ہے جب کہ پیر کو بھی ورجینیا سے جنوب مشرقی نیویارک تک بارش اور بعض مقامات پر برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دارالحکومت واشنگٹن میں بھی پیر کو خراب موسم کے باعث سرکاری دفاتر میں کام کا آغاز معمول سے دو گھنٹے تاخیر سے ہوا۔

اتوار کو امریکہ بھر میں خراب موسم کے باعث حکام کو 2600 سے زائد پروازیں منسوخ کرنا پڑی تھیں جب کہ پیر کو بھی 1100 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

طوفان سے متاثر ہونے والی ریاستوں ٹیکساس، آرکنساس اور میکسیکو میں مختلف حادثات میں جمعرات سے اب تک سات افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

برف باری کے باعث سڑکیں بند ہونے اور پروازوں کی منسوخی کے سبب ہزاروں مسافر ہوائی اڈوں اور مختلف اسٹیشنوں پر پھنسے ہوئے ہیں جب کہ کئی علاقوں میں بجلی کی ترسیل بھی متاثر ہوئی ہے۔

ان ریاستوں میں برف کا یہ طوفان توقع سے بہت پہلے دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گو کہ سردی کا موسم شروع ہو چکا ہے مگر امریکہ میں عموماً دسمبر کے اوائل میں برف دیکھنے کو نہیں ملتی۔

سب سے بری حالت ٹیکساس کی ہے جہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا ہے اور مختلف علاقوں میں شدید برف باری اور بارش کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکے رہ گئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ کی ریاستیں مانٹانا اور شمالی ڈیکوٹا شدید برفباری کی زد میں رہیں۔ ان ریاستوں میں برفیلی ہوائیں چلتی رہیں اور درجہ ِ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے گر گیا۔

ہفتے کو امریکہ کی نسبتاً گرم ریاستوں ٹیکساس، آرکنساس اور آکلوہوما میں بھی درجہ ِ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے گر گیا تھا۔

ادھر ایک برفانی طوفان نے ریاست کیلی فورنیا کو بھی نشانہ بنایا ہے جس کے بعد وہ اب مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔

موسم کی یہ سختی امریکہ کی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگس تک بھی پہنچ گئی جہاں موسم عموماً گرم رہتا ہے۔ ماہرین ِ موسمیات کے مطابق ممکن ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران لاس ویگس میں برف باری بھی ہو جو کہ ایک انہونی بات ہوگی۔

حکام نے پیش گوئی کی ہے کہ طوفان سے متاثرہ علاقوں - بشمول ڈسٹرکٹ آف کولمبیا، ورجینیا اور میری لینڈ - کو پیر کی شب ایک اور برفانی طوفان نشانہ بنائے گا جس کے باعث ان علاقوں میں منگل تک مزید برف باری اور بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حالیہ طوفانوں کے باعث امریکہ کے بعض وسطی اور مغربی علاقوں میں درجہ حرارت کافی زیادہ گرسکتا ہے جس کی ماضی میں کم ہی مثالیں ہوں گی۔
XS
SM
MD
LG