پاکستان فلم اور ٹی وی ایکٹریس عمیمہ خان کی پہلی بھارتی فلم ’راجہ نٹور لال‘ 29 اگست کو ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم میں ان کے ہیرو کا کردار ادا کیا ہے عمران ہاشمی نے۔
’راجہ نٹور لال‘ یو ٹی وی موشن پکچرز نے پروڈیوس کی ہے، جبکہ اسے ڈائریکٹ کیا ہے کنال دیش مکھ۔ وہ اس سے قبل ’جنت‘ اور ’جنت ٹو‘ بھی ڈائریکٹ کرچکے ہیں۔
فلم میں پاریش راول بھی موجود ہیں جنہوں نے فلم میں سپورٹنگ رول ادا کیا ہے۔ فلم کے بارے میں پیشگوئی کی جارہی ہے کہ اسے بھارت اور پاکستان دونوں ملکوں کی عوام پسند کرے گی۔
پاکستان میں اس فلم کی پروموشن کی ذمے دار فرم’انسا ئیکلومیڈیا پی آر‘ کی عہدیدار پبلسیسٹ سحر اقبال نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ’راجہ نٹور لال‘ حقیقی کہانی پر مشتمل ہے، جس میں ایک نہیں کئی ٹوئسٹس ہیں۔
فلم میں ہر مصالحہ موجود ہے۔ یعنی عمیمہ کا ڈانس، آئٹم سانگ، موج مستی، میوزک ۔۔اور وہ سب کچھ جو عمران خان کی فلموں میں اکثر ہوتا ہے۔
عیمہ پاکستان کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ہیں۔
عمران ہاشمی کی ’راجہ نٹورلال‘ سے پہلے دو فلمیں ’ایک تھی ڈائن‘ اور ’گھن چکر‘ باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکیں۔ لیکن، عمران ان سب کو بھول بھال کر اپنے نئے پروجیکٹ پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔
کنال دیش مکھ کی اب تک جتنی بھی فلمیں ریلیز ہوئی ہیں جیسے ’زہر‘ ،’کل یگ‘، ’جنت‘، ’ہم ملے‘ اور ’جنت ٹو‘ ان میں سے زیادہ تر میں عمران ہاشمی ہی ہیرو کا رول کرتے نظر آئے ہیں۔ اس حوالے سے کنال کا کہنا ہے کہ وہ جب بھی کوئی کہانی سلیٹ کرتے ہیں اس کے ہیرو کا تصور عمران ہاشمی کے ہی ارد گرد گھومتا نظر آتا ہے۔