رسائی کے لنکس

آئیفا ایوارڈز کی شاندار تقریب فلم ”برفی“ نے لوٹ لی


آئیفا کی جگمگاتی شام منعقد ہوئی چین کے شہر مکاوٴ میں جس میں شاہ رخ خان سے لے کر شاہد کپور تک تمام اہم اسٹارز کی موجودگی نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے آسکر کہلائے جانے والے چودہویں انٹرنیشنل فلم اکیڈمی ایوارڈزکی رنگارنگ تقریب رنبیر کپور اور پریانکا چوپڑہ کی فلم ”برفی“ نے لوٹ لی۔ اس فلم کو تیرہ نامزدگیاں ملیں۔

آئیفا کی جگمگاتی شام منعقد ہوئی چین کے شہر مکاوٴ میں جس میں شاہ رخ خان سے لے کر شاہد کپور تک تمام اہم اسٹارز کی موجودگی نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

آئیفا ایوارڈز کی شروعات سن 2000میں سنگاپور میں ہوئی تھی جس کے بعد سے یہ ایوارڈز ہرسال باقاعدگی سے دنیا کے کسی نہ کسی بڑے شہر میں اپنی تمام تر دلکشی اور رعنائیوں کے ساتھ منعقد کئے جاتے ہیں۔

مکاوٴ میں ہونے والے آئیفا ایوارڈز کی میزبانی کے فرائض انجام دئیے شاہ رخ خان اور بالی وڈ کے ہارٹ تھروب شاہد کپورنے۔ شاہ رخ کے شرارتوں سے بھرے برجستہ جملوں اور شاہد کپور کی چٹ پٹی باتوں نے نہ صرف تقریب میں موجود 7ہزار مہمانوں کو محظو ظ کیا بلکہ گھروں میں بیٹھ کر ایوارڈز فنکشن دیکھنے والوں کو بھی بھرپور تفریح فراہم کی۔

خبر ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق گلیمر اور موج مستی سے سجی شام کو یادگار بنایا میگا اسٹارز کی جاندار پرفارمنس نے۔ دپیکاپڈکون نے اپنے ہٹ نمبرز ”بندھو سبھا“ اور ” بلم پچکاری‘ ‘ پر ڈانس کر کے تقریب کے شرکاء کو ناچنے اور گانے پر مجبورکیا تو ایورگرین مادھوری ڈکشت نے میگا ہٹ گانوں’ ’من ڈولارے‘، ’میرا پیا گھر آیا‘ اور ’ایک ،دو تین‘ پر دھماکے دار پرفارمنس دے کر سب سے خوب داد وصول کی۔

فلم ا نڈسٹری میں’نئے آنے ‘ والے فنکاربھی اس موقع پر پیچھے نہیں رہے۔ ایشومان کھرانہ اور پرینیتی چوپڑہ نے بھی خوب رنگ جمایا اور جم کر پرفارم دے کر مجمع کو اپنا دیوانہ بنا دیا۔ ماضی کی سپر ہیروئن سری دیوی نے بھی ایوارڈز میں شاندار پرفارمنس دی۔

ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی فیشن شوز آئیفا ایوارڈز کی سرگرمیوں کا حصہ رہے جس میں بالی وڈ کے چوٹی کے ستارو ں نے ریمپ پر واک کی۔ ہندی سینما کے سوسالوں کے نام کی گئی آئیفا ایوارڈز کی تقریب نہ صرف اسٹائلش تھی بلکہ اس میں روایت کے بھی تمام رنگ نمایاں تھے۔

بات کی جائے ایوارڈز کی تورومینٹک کامیڈی برفی نے سب سے زیادہ تیرہ نامزدگیاں حاصل کیں۔ برفی میں گونگے ،بہرے لڑکے کے کردار کو پختگی اور مہارت سے اداکرنے والے رنبیر کپور نے بیسٹ ایکٹر کا ایوارڈ جیتا جبکہ کہانی میں عمدہ پرفارمنس نے ودیا بالن کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کا حقدار بنا دیا۔

بہترین فلم، بہترین کہانی اور بہترین ڈائریکٹر کے ایوارڈز” برفی “کے ہی نام رہے۔بہترین میل سپورٹنگ اداکار کا ایوارڈ ایشومان کھرانہ نے ”وکی ڈونر“ پر حاصل کیا جبکہ بہترین سپورٹنگ اداکارہ کا ایوارڈ جیتا انوشکا شرما نے فلم ’جب تک ہے جاں‘ میں ادا کئے گئے اپنے رول پر۔

بہترین میل ڈبیو ٹنٹٹ کا ایوارڈ ملا ایشومان کھرانہ کو اور فی میل ڈبیوٹنٹٹ کا ایوارڈ جیتا ”وکی ڈونر“ کی ہی اداکارہ یامی گوتم نے۔

ابھیشیک بچن نے بہترین کامک رول کا ایوارڈ اپنے نام کیا فلم ”بول بچن “ میں کئے گئے رول پرجبکہ ’ولن‘ یعنی منفی رول میں بہترین پرفارمنس دکھا کر رشی کپور نے ایوارڈ جیتا فلم ” اگنی پتھ“ کے لئے۔

دپیکا پڈکون اور رنبیر کپور سا ل کی بہترین جوڑی قرار پائے۔
XS
SM
MD
LG