رسائی کے لنکس

معروف بھارتی اداکار سنجے دت جیل سے رہا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سنجے دت نے پونے کے ہوائی اڈے پر صحافیوں سے مختصر گفتگو میں کہا کہ "میرے دوستو، آزادی کے لیے کوئی آسان راستہ نہیں۔"

بھارتی فلموں کے معروف اداکار سنجے دت کو جمعرات کی صبح جیل سے رہا کر دیا گیا۔

انھیں 1993ء میں ممبئی میں ہوئے سلسلہ وار بم دھماکوں میں ملوث افراد سے اسلحہ خریدنے کے الزام میں 2013ء میں سزا سنائی گئی تھی جس میں سے 18 ماہ کی قید وہ پہلے ہی کاٹ چکے تھے۔

ان کی سزا میں ابھی چند ماہ باقی تھے لیکن دوران قید اچھے چال چلن کی بنیاد پر یہ سزا معاف کر دی گئی اور سنجے دت کو جمعرات کو پونے کی یرواڈا جیل سے رہا کر دیا گیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق 56 سالہ اداکار کو لینے جیل کے باہر ان کی اہلیہ مانیتا اور جڑواں بچوں کے علاوہ ان کے قریبی دوست فلمساز راجکمار ہیرانی موجود تھے۔

سنجے دت نے پونے کے ہوائی اڈے پر صحافیوں سے مختصر گفتگو میں کہا کہ "میرے دوستو، آزادی کے لیے کوئی آسان راستہ نہیں۔" وہ پونے سے ایک خصوصی پرواز کے ذریعے ممبئی روانہ ہو گئے۔

ان پر ممبئی بم دھماکوں میں ملوث عناصر سے روابط کا الزام بھی تھا لیکن سنجے دت انھیں مسترد کرتے ہوئے کہتے رہے کہ انھوں نے صرف اپنے اور اہل خانہ کے تحفظ کے لیے یہ ہتھیار خریدے تھے۔

اداکار کی قبل از وقت رہائی کے معاملے پر بھی اختلافی آوازیں اٹھ رہی ہیں اور ایک روز قبل ہی سزا کی معافی کے خلاف ممبئی کی عدالت عالیہ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سنجے دت کے ساتھ دوران قید بھی خصوصی سلوک روا رکھا گیا اور یہ بتایا جائے کہ کون سے اچھے چال چلن کی وجہ سے ان کی سزا میں کمی کی گئی۔

تاہم جیل حکام خصوصی سلوک روا رکھے جانے کے دعوے کو مسترد کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG