رسائی کے لنکس

بھارتی اداکارہ کرن کھیر میں خون کے کینسر کی تشخیص


کرن کھیر نے اپنے کریئر کا آغاز 1983 میں پنجابی فیچر فلم 'آسرا  پیار دا' سے کیا تھا۔
کرن کھیر نے اپنے کریئر کا آغاز 1983 میں پنجابی فیچر فلم 'آسرا  پیار دا' سے کیا تھا۔

سینئر بھارتی اداکارہ اور بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی چندی گڑھ سے رکنِ پارلیمنٹ کرن کھیر خون کے کینسر میں مبتلا ہو گئی ہیں۔

سن 1983 سے بالی وڈ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ کرن کھیر کے شوہر و اداکار انوپم کھیر نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے اہلیہ کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔

بھارتی اداکار انوپم کھیر نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ "کرن کھیر میں مائیولوما (خون کے کینسر کی ایک قسم) کی تشخیص ہوئی ہے۔"

انہوں نے بتایا کہ کرن کھیر کا علاج جاری ہے، ہمیں یقین ہے کہ وہ اس سے پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط بن کر نکلیں گی۔

انوپم کھیر نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ کرن کھیر کا علاج بہترین ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہو رہا ہے، وہ ہمیشہ سے ایک فائٹر ہیں اور اس بیماری کو بھی شکست دیں گی۔

انوپم کھیر نے مداحوں کی جانب سے بھجوائے گئے پیغامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی اہلیہ کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔

اداکارہ کرن کھیر کی کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد بالی وڈ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا کا کہنا ہے کہ وہ کرن کھیر کے لیے دعائیں کر رہی ہیں۔

بھارتی اداکار سنیل شیٹی نے بھی اداکارہ کرن کھیر کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

اداکار رنویر شورے کا کہنا ہے کہ وہ کرن کھیر کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

'اداکارہ کرن کھیر کے کرئیر کی جھلک'

بھارتی اداکارہ کرن کھیر نے اپنے کریئر کا آغاز 1983 میں پنجابی فیچر فلم 'آسرا پیار دا' سے کیا تھا۔

اداکارہ کرن کھیر کو 1996 میں ریلیز کی جانے فلم 'سرداری بیگم' کو 1997 میں نیشنل فلم ایوارڈز میں اسپیشل جیوری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

بعدازں کرن کھیر نے دیوداس، اوم شانتی اوم، خوبصورت، ٹوٹل سیاپا، ایکشن ری پلے، سنگھ از کنگ، ہم تم، میں ہوں ناں سمیت متعدد بالی ود فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

اداکاری میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ اداکارہ کرن کھیر نے 2009 میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کی۔

XS
SM
MD
LG