بالی وڈ کےمعروف ڈائریکٹر ملن لوتھریا ایک نئی فلم بنا رہے ہیں جس کے پروڈیوسربھوشن کمار ہیں، جب کہ فلم کا نام ابھی طے نہیں کیا گیا۔ بعض خبروں کے مطابق چھوٹے نواب اس فلم میں’ سپر ہیرو ‘ کا کردار ادا کریں گے۔
ساتھ ہی، ہدایت کار ملن نے اس خبر کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی فلم میں ایسا کوئی کردار نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فلم تصوراتی فلم تو ہے لیکن اسے ایک خاص طرز یا ہیئت دینا مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب اس سے قبل وہ ’ونس اَپان اے ٹائم اِن ممبئی ‘ بنا رہے تھے تو لوگ اس پر گینگسٹر فلم کا لیبل لگا رہے تھے، جبکہ میں اسے ایک انٹر ٹینمینٹ فلم سمجھتا ہوں۔ اپنے مضبوط اسکرپٹ کی بنا پر یہ نئی فلم بھی ایک منفرد فلم ہو گی۔
سیف علی خان کے کردار کے حوالے سےایک مقامی اخبار میں انٹرویو دیتے ہوئے ہدایتکار ملن کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا کردار ہے جو سیف نے اس سے قبل ادا نہیں کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اور تو اور میں نے بھی اس سے پہلے اس قسم کا تجربہ نہیں کیا، یہ فلم فینٹسی کا ایلیمینٹ لیے ہوئے ہے اور یہی اس کا ترپ کا پتا ہے،اور یہ ،کہ یہ فلم من موہن ڈیسائی ٹائپ کی فلم ہے۔
ملن لوتھریا نے اس سے قبل فلم ’کچے دھاگے ‘ میں سیف کے ساتھ کام کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ گزرتے وقت میں سیف نے خود کو ایک ورسٹائل اداکار ثابت کیا ہے۔ان کی فلمیں ’دل چاہتا ہے،ریس،لو آج کل اور اک حسینہ تھی ورسٹائلٹی کی عمدہ مثالیں ہیں۔ہدایتکار کا کہنا تھا کہ جب ہم دونوں نے پہلی مرتبہ ساتھ کام کیا تھا تو سیف اس وقت ہم دونوں ہی نئے نئے اس انڈسٹری میں آئے تھے اور اب دونوں برسوں بعد پھر سے ساتھ کام کرنےوالے ہیں۔
اس فلم کی ہیروئن کا تا حال فیصلہ نہیں ہوا ،اس حوالے سے ملن لوتھریا نے بتایا کہ کردار بہت دلچسپ ہے لیکن ابھی وہ کسی آخری فیصلے پر نہیں پہنچے ۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا واقعی یہ فلم شائقین کو بھی اتنی ہی پسند آتی ہے جتنی امیدیں ملن لوتھریا کو اس سے ہیں۔