رسائی کے لنکس

’دبنگ ٹو ‘سے کراچی کے ایک قدیم سنیما کا دوبارہ آغاز


سنیما میں جدید آلات اور مشینیں بھی نصب کی گئی ہیں تاکہ عوام کو جدید تقاضوں کے مطابق سنیما جیسی سستی اور عوامی تفریخ بلا تعطل جاری رہے۔

کراچی شہر کا قدیم سنیما ’کیپری‘دوبارہ کھلنے جارہا ہے۔ سلمان خان کی 21دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم ”دبنگ ٹو“ سے اس کا باقاعدہ افتتاح ہوجائے گا۔

ایم اے جناح روڈ سے متصل اور صدر کے علاقے میں واقع اس سنیما کو نامعلوم مشتعل افراد نے رواں سال 21ستمبر کو آگ لگادی تھی جس سے سنیماہال مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا ۔ تاہم حملے کے کچھ ہفتے بعد اس کی تزئین وآرائش شروع کردی گئی تھی جو اب مکمل ہوگئی ہے اور جمعہ سے اس کا دوبارہ افتتاح ہوجائے گا۔

تعلقات عامہ کے فرائض انجام دینے والی نجی کمپنی ”انسا ئیکلومیڈیا “ نے وائس آف امریکہ کو تبایا کہ سنیما انتظامیہ نے اس کی تزئین و آرائش پر لاکھوں روپے خرچ کئے ہیں۔ سنیما میں جدید آلات اور مشینیں بھی نصب کی گئی ہیں تاکہ عوام کو جدید تقاضوں کے مطابق سنیما جیسی سستی اور عوامی تفریخ بلا تعطل جاری رہے۔

کیپری سنیما کے دوبارہ آغاز کے ساتھ ہی سلمان خان کی نئی فلم” دبنگ ٹو“ دکھائی جائے گی ۔

”دبنگ ٹو“ کے بارے میں پہلے سے ہی کامیابی کی امیدیں باندھ لی گئی ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ اس کے پہلے سیکوئل کی شاندار کامیابی اور خود سلمان خان ہیں۔

ویسے بھی اس میں ہر قسم کافلمی مصالحہ موجود ہے۔ فلم کی کہانی ، ہدایات اور پروڈکشن ارباز خان کی ہیں ۔ جبکہ فلم کی کاسٹ میں سلمان خان کے علاوہ شامل ہیں سوناکشی سنہا، پرکاش راج ، ونود کھنہ ، دیپک دوبریال اور نکیتن دھیر ۔ یہ سن 2010ء میں ریلیز ہونے والی فلم ”دبنگ“ کا سیکوئل ہے۔ اس فلم نے 100کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔
XS
SM
MD
LG