رسائی کے لنکس

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ اچانک تیزبارش اور ژالہ باری


کراچی کے علاوہ حیدرآباد اور سندھ کے کچھ دوسرے شہروں سے بھی بارش کی اطلاعات ہیں

کراچی میں منگل کی رات اچانک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے موسم خوش گوار ہوگیا اور خنکی آگئی۔

کراچی کے علاوہ حیدرآباد اور سندھ کے کچھ دوسرے شہروں سے بھی بارش کی اطلاعات ہیں۔

محکمہٴموسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ آئندہ کچھ گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔


عموماً کراچی میں مارچ اور اپریل کے مہینوں میں بارش نہیں ہوتی۔ تاہم، مارچ کے آخری ہفتے میں اور منگل کی رات ہونے والی اچانک بارش نے سب کو حیران کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کے مطابق کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے آئندہ 12 گھنٹے تک جاری رہے گا۔

بارش کا سلسلہ ملیر، جناح ائیرپورٹ، ماڈل کالونی اور نارتھ کراچی سے شروع ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، پاپوش نگر، لسبیلہ، گرومندر اوردیگر علاقوں تک پھیلتا چلا گیا۔

بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں جبکہ وقفے وقفے سے بجلی بھی کڑکتی رہی۔ نارتھ کراچی میں اولے پڑنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

بارش کے سبب مختلف علاقوں میں کے ای ایس سی کے فیڈر ٹرپ ہوگئے جس سے شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

اگرچہ کے ای ایس سی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے پر کام شروع کئے جانے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، اس کے باوجود رات گئے تک متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوبے رہے۔
XS
SM
MD
LG