پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز نے آخرکار منگل کو اپنی پہلی فتح حاصل کر لی۔ اس نے یہ کامیابی کسی اور ٹیم کے خلاف نہیں بلکہ دفاعی چیمپین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 37 رنز سے حاصل کی۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنا ڈالے۔
بین ڈنک نے 43 گیندوں پر 93 رنز اسکور کیے جن میں 10 بلند و بالا چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ سمیت پاٹل نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 40 گیندوں پر 71 رنز بنائے۔ دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 155 رنز کی شراکت ہوئی۔
بڑے ہدف کو دیکھ کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین ہمت ہار بیٹھے اور بین کٹنگ کے سوا کوئی کھلاڑی جم کر اننگز نہ کھیل سکا۔ کٹنگ نے 27 گیندوں پر 53 رنز بنائے جن میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
محمد نواز نے 24 اور شین واٹسن نے 23 رنز بنائے۔ پوری ٹیم ٹھیک 20 اوورز میں 172 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سلمان ارشاد نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز کے 4 میچز میں اب 2 پوائنٹس اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے6 میچز میں 6 پوائنٹس ہیں۔ ملتان سطانز 5 میچز میں 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔
بدھ کو پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کا مقابلہ اسلام آبا یونائیٹڈ سے ہوگا۔