لیبیا میں بد ترین سیلاب سے لگ بھگ دو ہزار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق طوفانی ہواؤں اور شدید سیلاب نے لیبیا کے کئی علاقوں کو گزشتہ دو دن کے دوران شدید متاثر کیا ہے۔ حکام نے زیادہ تر اموات ساحلی شہر درنہ میں ہونے کی تصدیق کی ہے جہاں کئی چھوٹے ڈیم ٹوٹنے سے کئی علاقے زیرِ آب ہیں اور سیکڑوں افراد لاپتا ہیں۔ لیبیا اس وقت سیاسی طور پر مشرق اور مغرب میں منقسم ہے جہاں دو حریف انتظامیہ موجود ہیں اس لیے سرکاری طور پر درست اعداد و شمار کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ ہلال احمر کے رضا کاروں نے بتایا ہے کہ مشرقی شہر درنہ میں سیلاب کے سبب مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔