رسائی کے لنکس

لندن اولمپکس میں شریک 16 سالہ امریکی جمناسٹ


لندن اولمپکس میں حصہ لینے والی امریکی جمناسٹ گیبی ڈگلس
لندن اولمپکس میں حصہ لینے والی امریکی جمناسٹ گیبی ڈگلس

گیبی ڈگلس کی عمر صرف 16 سال ہے لیکن وہ اس کم عمری میں لندن اولمپکس میں حصہ لینے والی امریکہ کی جمناسٹک ٹیم کا حصہ ہیں

لندن اولمپکس کے آغاز میں چند ہی روز رہ گئے ہیں اور جیسے جیسے کھیلوں کے ان سب سے بڑے عالمی مقابلوں کا آغاز نزدیک آرہا ہے ان میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور شائقین کے جوش و خروش میں اضافہ ہورہا ہے۔

گیبی ڈگلس کی عمر صرف 16 سال ہے لیکن وہ اس کم عمری میں لندن اولمپکس میں حصہ لینے والی امریکہ کی جمناسٹک ٹیم کا نہ صرف حصہ ہیں بلکہ ان کے چاہنے والوں کو بھی ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔

گیبی نے اولمپکس میں شرکت کرنے والی امریکی ٹیم کے انتخاب کے لیے ہونے والے ٹرائلز میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی اور وہ امریکی اولمپک ٹیم میں شامل واحد افریقی نژاد خاتون ہیں۔

گیبی، ڈومینک ڈیوس کو اپنا رول ماڈل قرار دیتی ہیں جو اولمپکس میں جمناسٹک کے انفرادی مقابلوں میں تمغہ جیتنے والی پہلی افریقی امریکی ایتھلیٹ تھیں۔

گیبی ڈگلس لندن اولمپکس میں اپنی کامیابی کے بارے میں خاصی پرامید اور پر اعتماد ہیں اور ان کی موجودگی کے باعث اولمپکس میں شرکت کرنے والے امریکہ کی 'ویمن جمناسٹک ٹیم' کو 1996ء کے اٹلانٹا اولمپکس کے بعد سے اب تک کی سب سے مضبوط ٹیم قرار دیا جارہا ہے۔

نوعمر گیبی کے فن کا مظاہرہ دیکھنے والوں کا خیال ہے کہ ان کی موجودگی کے باعث امریکی جمناسٹک ٹیم کے لندن اولمپکس میں 'گولڈ میڈل' حاصل کرنے کے امکانات مزید قوی ہوگئے ہیں اور گیبی کی کارکردگی اس کامیابی میں انتہائی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
XS
SM
MD
LG