رسائی کے لنکس

کرونا وائرس کا شکار ہوئی تھی مگر اب صحت یاب ہوں: میڈونا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کووڈ 19 یا کرونا وائرس نے امریکہ کی 'کوئن آف پاپ' گلوکارہ میڈونا کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ تاہم اب وہ صحت یاب ہوگئی ہیں۔

میڈونا نے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کا انکشاف جمعرات کے روز سماجی میڈیا پلیٹ فارم 'انسٹاگرام' پر اپنی پوسٹ میں کیا تھا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق میڈونا کا کہنا ہے کہ بیماری کے سبب ہی انہوں نے پیرس میں رواں سال 10 مارچ کو ہونے والا کنسرٹ منسوخ کیا تھا۔ جب کہ فروری میں منعقدہ کنسرٹ میں انہوں نے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ پرفارم کیا تھا۔

امریکی پاپ گلوکارہ میڈونا کا پوسٹ میں کہنا تھا کہ مارچ کے ابتدا میں انہیں نزلہ و زکام ہوا۔ جو اس قدر شدید تھا کہ ان کی طبیعت بری طرح بگڑ گئی تھی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ابتدا میں انہیں محسوس ہوا کہ یہ صرف عام نزلہ زکام ہے۔ مگر جب مرض شدید ہوا تو انہوں نے 'اینٹی باڈیز ٹیسٹ' کرایا جو مثبت آیا۔ تاہم اس بات کو 7 ہفتے گزر گئے ہیں اور اب وہ مکمل طور پر صحت یاب ہیں۔

انسٹاگرام پر اپنے ڈیڑھ کروڑ سے زائد فالوورز کو مطلع کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ صرف وہ ہی کرونا وائرس میں مبتلا نہیں ہوئیں۔ بلکہ ان کی ٹیم کے کئی اور فنکار بھی اس کا شکار ہوئے تھے۔

رواں سال مارچ کے اوائل میں اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے فرانسیسی حکام نے میوزیکل کنسرٹ سمیت تمام بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کردی تھی۔ جس کے بعد میڈونا نے بھی پیرس میں ہونے والے دیگر دو کنسرٹس بھی منسوخ کردیے تھے۔ یہ کنسرٹ 'میڈم ایکس ورلڈ ٹور' کے آخری مرحلے میں ہونے والے کنسرٹ تھے۔

اکسٹھ سالہ میڈونا کا کہنا ہے کہ بیمار ہونے سے پہلے انہوں نے کرونا وائرس کی ویکسین پر ریسرچ کے لیے 11 لاکھ ڈالرز عطیہ کیے تھے اور اس بیماری سے متعلق ایک مضمون بھی شیئر کیا تھا۔ تاکہ لوگ احتیاط کریں اور اس وائرس سے بچ سکیں۔ لیکن وہ خود ہی اس وائرس کا شکار ہوگئیں۔

اے ایف پی کے مطابق اینٹی باڈیز ٹیسٹ مثبت آنے کے حوالے سے ماہرین متفق نہیں ہیں کہ جس شخص کا اینٹی باڈیز ٹیسٹ مثبت آئے۔ وہ کرونا وائرس کا شکار رہا ہے۔

کچھ دیگر ماہرین کا خیال ہے کہ اینٹی باڈیز ٹیسٹ مثبت آنے سے متعلق کچھ لیبارٹریز بے بنیاد دعوی بھی کرتی ہیں۔ تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ اینٹی باڈیز ٹیسٹ مثبت آنے کا مطلب کرونا وائرس میں مبتلا ہونا ہے یا نہیں۔

خیال رہے کہ میڈونا سے قبل ہالی ووڈ کی کئی اہم شخصیات کرونا وائرس میں مبتلا ہو چکی ہیں اور وہ بھی میڈونا کی طرح ہی اب مکمل صحت مند ہیں۔ جن میں ہاروی وائن اسٹائن، اولگا کریلنکو، ادریس البا، ٹام ہینکس، ان کی اہلیہ ریٹا ولسن اورکئی دیگر فنکار شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG