رسائی کے لنکس

’عالمی ملالہ ڈے‘ : ہمت اور حوصلے کی کہانی


ویڈیو کلپ کا آغاز ملالہ یوسفزئی کی پس پردہ آواز سے ہوتا ہے جو کہانی کا عنوان بتاتی ہے۔ 'یہ کہانی ہے ہمت اور حوصلے کی' جس کے بعد بچے اس متاثر کن کہانی کو آگے بڑھاتے ہیں

قلم سے دہشتگردی کا مقابلہ کرنے والی باہمت پاکستانی بیٹی ملالہ یوسفزئی کی سترہویں سالگرہ کے موقع پر منائے جانے والے'عالمی ملالہ ڈے' پر ملالہ 'فنڈ' تنظیم نے ایک ویڈیو کلپ جاری کی ہے جس میں بچوں کی زبانی ایک متاثر کن کہانی بیان کی جاتی ہے۔


ویڈیو کلپ کا آغاز ملالہ یوسفزئی کی پس پردہ آواز سے ہوتا ہے۔


'یہ کہانی ہے ہمت اور حوصلے کی' جس کے بعد مختلف بچوں کی پس پردہ آوازوں میں کہانی کو آگے بڑھایا جاتا ہے۔

’یہ کہانی ایک ایسی لڑکی کی ہے جسے پڑھنے لکھنے کا شوق تھا۔ مگر اس کی یہ معصوم خواہش انتہاپسندوں کے نزدیک ایک جرم تھا جس کی سزا دینے کے لیے اس پر جان لیوا حملہ کیا گیا؛ کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ تعلیم عورتوں کو مضبوط بنا دی گی۔ مگر وہ لڑکی کے حوصلے کو مات نہیں دے سکے۔اس کا عزم اور حوصلہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگیا۔ وہ اب تنہا نہیں تھی، بلکہ وہ تو جبر، دہشت گردی اور خوف سے کہیں زیادہ مضبوط نکلی۔'


تبھی کہانی میں اچانک ملالہ یوسفزئی کی آواز گونجتی ہے جو لوگوں سے سوال پوچھتی ہے کہ میری طرح آپ کس چیز کے مقابلے میں خود کو مضبوط خیال کرتے ہیں؟ اس سوال کا جواب ملالہ ڈے پر [stronger than hashtag] کے ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر کے لوگوں کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔


وادی سوات کی طالبہ ملالہ نےطالبان کے اثرورسوخ کے دور میں جاہل رہنے سے انکار کیا اور اپنی تعلیمی سلسلے کو جاری رکھا لیکن، 9 اکتوبر 2012 ءمینگورہ کے مقام پر اسکول بس میں بیٹھی ہوئی نہتی کمزور طالبہ کی جان لینے کے ارادے سے اس پر حملہ کیا گیا۔ جس کے بعد موت اور زندگی کی کشمکش سے لڑتی ہوئی ملالہ کو علاج کے لیے برطانیہ لایا گیا، جہاں صحت یاب ہونے کے بعد ملالہ اب ایک نئی زندگی جی رہی ہے۔ لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کی کوششوں کی وجہ سے آج ملالہ دنیا بھر کی توجہ حاصل کر چکی ہے جس نے تعلیمی مہم اور خواتین کے حقوق کے لیے ایک بین الاقوامی سفیر کا درجہ حاصل کر لیا ہے۔


گذشتہ برس 12جولائی کو ملالہ نے اپنی سولہویں سالگرہ کے موقع پر اقوام متحدہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ قلم اور کتاب دنیا کے دو مضبوط ہتھیار ہیں اسی طرح ایک طالبعلم، ایک استاد، قلم اور کتاب دنیا کو تبدیل کر سکتے ہیں۔
ملالہ کی برتھ ڈے وش


ملالہ ڈے 2014 ءکے موقع پر ملالہ نے کہا کہ 14 جولائی کا دن صرف میرا نہیں ہے بلکہ یہ تمام نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کا دن ہے۔ اس دن ہم ایک ساتھ ملکرحقوق کی اس مہم کے لیے اپنی آوازوں کو بلند کرتے ہیں، تاکہ انھیں بھی سنا جاسکے جنھیں حق مانگنے سے ڈرایا جاتا ہے۔


’گزشتہ برس اپنی سالگرہ کے موقع پر میں اقوام متحدہ کے سامنے کھڑی ہوئی اور لڑکیوں کے حقوق کے لیے سوالات اٹھائے جس پر آپ نے اپنے خطوں، تصاویر اور پیغامات کے ذریعے مجھے اپنے تعاون کا یقین دلایا تھا۔ اس سال بھی ہمیں اپنی آوازیں ایک ساتھ ملانے کی ضرورت ہے‘۔


’انتہاپسندوں نے سوچا تھا کہ ان کی گولیاں ہمیں خاموش کر سکتی ہیں۔ لیکن وہ ناکام رہے۔ بلکہ، ہوا یہ کہ گہری خاموشی ٹوٹنے کی وجہ سے جبر اور خوف میں لپٹی ہوئی ہزاروں آوازوں کو بلند ہونے کا راستہ ملا‘۔


’اس سال میری سالگرہ کی وش یہ ہے کہ ہماری آوازیں اتنی مضبوط ہو جائیں کہ خوف کی مہم کے خلاف جبراً دبائی گئی آوازوں کی طاقت بن جائیں‘۔


’ہم تعلیم کے دشمنوں کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہیں بلکہ نفرت،خوف، تشدد اور غربت سے لڑنے کے لیے بھی ہمارے حوصلے طاقتور ہیں۔‘


’مساوات کی منزل تک پہنچنے کا راستہ خاصا طویل ہے۔ لیکن، ہم کامیاب ہو سکتے ہیں اگر ایک ساتھ ملکر چلیں۔ اسی لیے، اس ملالہ ڈے پر ہماری آواز کو اور بھی مضبوط بنائیں‘۔


’کیا ایک بار پھر سے آپ میری آواز بن کر اسے دور دور تک پہنچائیں گے؟‘

XS
SM
MD
LG