رسائی کے لنکس

کراچی میں فلم ’منٹو‘کی موسیقی سے سجی منفرد تقریب


منٹو پاکستان کی پہلی بائیو پک یعنی سوانحی خاکے پر مشتمل فلم ہے جس میں اردو زبان کے ادیب سعادت حسن منٹو کی زندگی کے مختلف گوشوں کو سینما کے پردے پرپیش کیا گیا ہے

کراچی شوبزنس کی گہماگہمی کا مرکز بن گیا ہے اور اب تو شاید ہی کوئی دن ایسا ہو جب کسی پاکستانی فلم یا ڈرامے سے جڑی کوئی تقریب شہر میں منقعد نہ ہو۔ کراچی کے نیوپلیکس سینماز میں سجائی گئی ایسی ہی ایک اور رنگوں بھری شام میں جس میں آنے والی پاکستانی فلم ’منٹو‘ کے ساتھ نئی ڈرامہ سیریلز کا بھی پری ویو دیکھنے والوں کے لئے پیش کیا گیا۔

تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ مہمانوں کے استقبال کے لئے ریڈ کے بجائے بلیو کارپٹ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں فلم، ٹی وی، فیشن اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی جانی مانی ہستیاں موجود تھیں۔

فلم کی پبلسٹی فرم ’فی جینسی‘ کی عہدیدار نگت عزیز نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا، ’منٹو پاکستان کی پہلی بائیو پک یعنی سوانحی خاکے پر مشتمل فلم ہے جس میں اردو زبان کے ادیب سعادت حسن منٹو کی زندگی کے مختلف گوشوں کو سینما کے پردے پرپیش کیا گیا ہے۔‘

جاوید بابر کی پیشکش ’منٹو‘ کو جیو فلمز نے پروڈیوز کیا ہے۔ فلم میں تقسیم کے بعد کی منٹو کی زندگی میں پیش آنے والے واقعات اور اس دور سے وابستہ اہم شخصیات کو فلم کے تانے بانے میں ڈال کر پیش کیاگیا ہے۔ مثال کے طور پر نورجہاں۔

منٹو کی زندگی میں ملکہ ترنم نورجہاں کا اہم کردار رہا ہے۔فلم میں یہ رول صبا قمر نے ادا کیا ہے جبکہ منٹو کی بیوی کے روپ میں ثانیہ سعیدنظر آئیں گی۔

’منٹو ۔۔دی فلم‘ کے چارگانے کراچی میں ہونے والی تقریب میں پری ویو کے لئے پیش کئے گئے۔ ان میں سے دوگانوں میں مائرہ خان اپنے فن کے جوہر دکھاتی نظر آئیں۔

فلم کی دو کہانیوں ’مداری‘ و ’پشاور سے لاہور تک‘ میں مائرہ خان نے اپنے اب تک ادا کئے رولز سے بالکل مختلف کردارنبھائے ہیں جو یقیناً ان کے مداحوں کے لئے خوشگوار سرپرائز ثابت ہوں گے۔

فلم میں شامل ’محرم دلاں دے ماہی‘ کے ذریعے شاعر شیو کمار بٹاوی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ میشا شفیع نے گانے کوخوبصورت انداز میں گایا ہے۔ مرزا غالب کے کلام ’آہ کو چاہئے اک عمر اثر ہونے تک‘ کو بھی جدت کے ساتھ فلم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ جاوید بشیر کے ’کون ہے یہ گستاخ۔۔‘ نے منٹو کے حوالے سے جذباتی سماں باندھ دیا۔ ’منٹو‘ کا میوزک علی سیٹھی نے ترتیب دیا ہے۔

نئے ڈراموں کی جھلکیاں
منٹو کے میوزک پری ویوکے علاوہ آئندہ سہ ماہی میں جیوانٹرٹینمنٹ کی جانب سے پیش کئے جانے والے نئے ڈراموں کی جھلکیاں بھی دکھائی گئیں۔ ان ڈراموں میں ’دل عشق‘، ’عشقاوے‘، ’دعا‘ اور ’تھوڑا سا آسمان‘ شامل ہیں۔

’تھوڑا سا آسمان‘ عمیرہ احمد کے اسی نام سے لکھے گئے ناول پرمشتمل ہے۔ ڈراموں کی جھلکیوں سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ناظرین ان ڈراموں سے بھرپور تفریح حاصل کریں گے۔

تقریب میں ’پہلے پاکستان آئڈل‘۔۔ زماد بیگ نے اپنی مدھر آواز میں ’دل عشق‘ اور ’عشقا وے‘ کے ساوٴنڈ ٹریک پیش کئے جبکہ ٹپو جویری، نوشین شاہ، اقرا فیاض، آمنہ الیاس، ثروت گیلانی، شمعون عباسی، حرا ترین اور علی سفینہ اپنی موجودگی سے تقریب کو چار چاند لگانے والی سیلبریٹیز میں شامل تھیں۔

XS
SM
MD
LG