رسائی کے لنکس

مائیکل جیکسن موت کے دس برس بعد بھی الزام کی زد میں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاپ موسیقی کی تاریخ کے عظیم گلوکار مائیکل جیکسن کی موت کے دس برس بعد امریکہ میں ایک دستاویزی فلم بنائی گئی ہے جس میں مائیکل جیکسن پر ایک مرتبہ پھر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

’’لیونگ نیورلینڈ‘‘ کے عنوان سے یہ فلم امریکی ٹیلی ویژن چینل ایچ بی او پر 3 اور 4 مارچ کو نمائش کے لئے پیش کی جا رہی ہے۔ برطانیہ میں بھی یہ دستاویزی فلم چینل فور پر 6 اور 7 مارچ کو دکھائی جائے گی۔

اس فلم کی کہانی دو کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو اپنی عمر کی چالیسویں اور پچاسویں پیٹھے میں ہیں اور اُنہوں نے مائیکل جیکسن پر الزام لگایا ہے کہ جیکسن نے اُن سے اُس وقت دوستی کر لی اور اُنہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جب وہ ان کی عمریں 7 اور 10 سال تھیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ وہ دونوں مائیکل جیکسن کی محبت میں گرفتار تھے۔

مائیکل جیکسن۔ فائل فوٹو
مائیکل جیکسن۔ فائل فوٹو

مائیکل جیکسن کے خاندان نے اس دستاویزی فلم پر شدید تنقید کی ہے اور گزشتہ ہفتے امریکی ٹیلی ویژن چینل ایچ بی او کے خلاف مقدمہ دائر کر تے ہوئے کہا کہ مائیکل جیکسن قطعی طور پر بے گناہ تھے۔

مقدمے میں مائیکل جیکسن کے خاندان کا کہنا ہے کہ اس دستاویزی فلم نے 1992 میں طے ہونے والے سمجھوتے کی خلاف ورزی کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ چینل مائیکل جیکسن کو بدنام کرنے کی کوشش نہیں کرے گا۔

تاہم ٹی وی چینل ایچ بی او نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ہر صورت یہ چار گھنٹے کی دستاویزی فلم دکھائے گا تاکہ لوگ خود اس فلم اور اس میں لگائے گئے الزامات کے حوالے سے اپنی رائے قائم کر سکیں۔

مائیکل جیکسن کے بھتیجے تاج جیکسن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ مائیکل جیکسن کی دسویں برسی کا موقع ہے اور اُن کا سوگ منانے کے بجائے اُن کے بارے میں سفید جھوٹ بولے جا رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اس دستاویزی فلم کی تیاری کے لئے اُن کے خاندان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

اوپرا ونفرے۔ فائل فوٹو
اوپرا ونفرے۔ فائل فوٹو

معروف ٹیلی ویژن اینکر اوپرا ونفرے مائیکل جیکسن پر الزام لگانے والے دستاویزی فلم کے ان دونوں کرداروں ویڈ رابسن اور جیمز سیفچک سے ایک خصوصی ٹیلی ویژن شو میں انٹرویو کریں گی۔

مائیکل جیکسن کا انتقال 2009 میں ہوا تھا۔ اُنہیں 2005 میں ایک 13 سالہ لڑکے کے ساتھ اپنی رہائش گاہ ’نیور لینڈ‘ میں جنسی زیادتی کے الزام سے بری کر دیا گیا تھا۔

مائیکل جیکسن کی موت پر دنیا بھر میں اُن کے کروڑوں شائقین نے شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا تھا۔ اُن کی موت کے بعد اُن کی موسیقی کے ریکارڈ کی فروخت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا تھا اور مشہور امریکی رسالے ’’فوربز‘‘ نے اُنہیں موت کے بعد سب سے زیادہ منافع کمانے والے سوپر سٹار کا درجہ دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG