رسائی کے لنکس

سندھ کی لوک داستان ’مومل رانو‘ اب بڑے پردے پر


سوہنی مہیوال، ہیر رانجھا، ماروی اور مومل رانو ۔۔پنجاب اور سندھ کی سوہنی دھرتی سے جڑی محبت کی وہ علاقائی لوک داستانیں ہیں جنہیں پورا پاکستان جب بھی سنتا یا پڑھتا ہے ایک کشش محسوس کرتا ہے۔ صدیاں گزر گئیں لیکن یہ کشش جوں کی توں برقرار ہے۔

ہو سکتا ہے ان ناموں میں سندھی لوک داستان ’مومل رانو‘ آپ کے لئے نیا نام ہو یا آپ اس سے زیادہ واقف نہ ہوں لہذا اسے مزید عوامی پذیرائی کے لئے بڑے پردے پر پیش کرنے کا نہ صرف فیصلہ کیا گیا بلکہ تین برسوں کے دوران اسے حقیقت کا رنگ بھی دے دیا گیا۔ یہ مارچ میں ہونے والے ’پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ، کراچی ‘ کا حصہ ہوگی۔

’مومل رانو‘ کی کہانی سندھ میں کئی زمانوں سے نسل درنسل سنی اور سنائی جا رہی ہے۔ سندھ کے صوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی نے شاعری کے ذریعے ’مومل رانو‘ کی کہانی کو امر کردیا جس کے بعد ’مومل رانو‘ کی لو اسٹوری پر بہت سے افسانے اور گانے لکھے گئے لیکن پہلی بار ’مومل رانو‘ کو لوگ بڑے پردے پر دیکھ سکیں گے۔

وائس آف امریکہ کو ’پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ یا ’پف ‘ انتظامیہ کے مطابق پاکستان میں نمائش سے پہلے ’مومل رانو‘ کو کئی بین الاقوامی فلمی میلوں میں پیش کیا جاچکا ہے۔

فلم ’مومل رانو‘ پاکستان اور بھارت کا مشترکہ پروجیکٹ تھا جسے ’زی ٹی وی‘ کے لئے بنایا گیا تھا لیکن دونوں ملکوں میں کشیدگی بڑھنے کے بعد معاہدہ منسوخ کر دیا گیا۔

مومل رانو کا پہلا ٹریلر8 فروری کو پیش کیا گیا۔ اسے ڈائریکٹ کیا ہے سراج الحق نے اور لکھا ہے ظفرمعراج نے۔

اس کی لیڈنگ کاسٹ میں ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے دو بہترین آرٹسٹس احسن خان اور صبا قمر شامل ہیں جبکہ باقی کاسٹ میں حسین قادری، اسد قریشی، سلمان سعید، زینب جمیل اور دیگر اداکار شامل ہیں۔

احسن خان نے ’مومل رانو‘ کا شارٹ ٹیزر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ’ مومل رانو آرٹ اور کلچر سے جڑی فلم ہے۔ اب تک بہت سے فلم فیسٹیولز میں دکھائی جا چکی ہے اور اب اسے پاکستانی فلم بین بھی دیکھ سکیں گے۔

ہمیں دوسرے ملکوں سے تو بہت پیار اور تعریف ملی اب امید ہے کہ اپنے ملک میں بھی لوگ ’مومل رانو‘ کو پسند کریں گے۔‘

ادھر صبا قمر کا کہنا ہے کہ ’مومل رانو‘ لوک کہانی پر مبنی لو اسٹوری ہے جس میں مومل کا کردار میں نے نبھایا ہے۔‘

ڈائریکٹر سراج الحق نے احسن خان اور صبا قمر کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’دونوں نے بڑے خوبصورت انداز میں اپنے کرداروں سے انصاف کیا۔‘

’مومل رانو‘ ایسی لڑکی کی کہانی ہے جسے اس کا محبوب بے وفائی کے شبے میں چھوڑ کر چلا جاتا ہے اور وہ اس امید پراس کا انتظار کرتی ہے کہ کبھی نہ کبھی اس کی محبت محبوب کو دوبارہ اس کے پاس کھینچ لائے گی۔

XS
SM
MD
LG