ایک تھا بادشاہ اور ایک تھی ملکہ آپ نے بچپن میں ایسی بہت سی کہانیاں سنی یا پڑھی ہوں گی جن میں دور دراز ملکوں میں رہنے والے تصوراتی شاہی خاندانوں کی کہانیوں کو پیش کیا جاتا ہے لیکن، یہاں ہم ذکر کر رہے ہیں ایک ایسی کہانی کی کتاب کا جس میں پہلی مرتبہ ایک اصلی ملکہ کی سالگرہ کے جشن کی کہانی کو بیان کیا جائےگا۔
رائل کلیکشن ٹرسٹ کے اعلان کے مطابق ادارے کی طرف سے کوئین الزبیتھ دوئم کی 90 ویں سالگرہ کے جشن کے موقع پر بچوں کی ایک کہانی کی کتاب شائع کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملکہ برطانیہ نے اپنی سالگرہ کے موقع پر رائل کلیکش کو ایک کہانی کی کتاب شائع کرنےکی منظوری دی ہے جس میں ملکہ برطانیہ کوئین الزبیتھ کی سالگرہ کے خاص جشن کے موقع پر ملکہ کے پہننے کے لیے ایک 'مثالی تاج' کی تلاش کی کہانی کو بیان کیا جائے گا۔
'برتھ ڈے کراؤن' نامی کتاب کو بچوں کے ایک معروف سوئس نژاد اطالوی مصنف داویدے کیلی نے لکھا ہے جن کی کتابیں دنیا کے پچیس سے زائد ممالک میں شائع ہوئی ہیں۔
یہ کہانی بکنگھم محل میں ملکہ کی سالگرہ ایک بڑے جشن کی تیاریوں سے شروع ہوتی ہے جس کی شاہی منتظمین کی طرف سے نگرانی کی جارہی ہے محل میں سبھی چیزوں کا انتظام کیا جاچکا ہے لیکن بڑے جشن کی مناسبت سے ملکہ کے لیے ایک بہترین تاج کی ضرورت اب بھی باقی ہے۔
ملکہ کے لیے متبادل تاج کیسا ہونا چاہیئے اس سلسلے میں محل کے درباریوں کی طرف سے تجاویز پیش کی جاتی ہیں جن میں شاہی سنار، محلات کے مالی اور دیگر شاہی عملے کی طرف سے پھلوں یا پرندوں کا تاج اور ڈسکو روشنیوں والے تاج کا خیال پیش کیا جاتا ہے۔
لیکن کہانی کے آخر میں ملکہ کا چھوٹا پوتا مثالی تاج کے لیے ایک بہترین خیال پیش کرتا ہے اور اپنے ہاتھوں سے بنائے گئے 'کاغذ کےتاج' کو ملکہ کی خدمت میں پیش کرتا ہے۔
برتھ ڈے کراؤن کتاب کی عکاسی محترمہ کیٹ سلیٹر نے کی ہے۔ اس کتاب میں انھوں نے اپنے مخصوص انداز کے ساتھ تصاویر کے ذریعے ملکہ کی سالگرہ کی کہانی اور اس کے کرداروں میں جان ڈالنے کی کوشش کی ہے۔
رائل کلیکشن ٹرسٹ نے 32 صفحات پر مشتمل کتاب کے بارے میں کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ملکہ برطانیہ کی آنے والی سالگرہ کے جشن پر شائع کی جانے والی کتاب کو بچوں اور بڑوں کی جانب سے یکساں طور پر پسند کیا جائے گا۔
یہ کتاب 12 اپریل سے رائل کلیکشن کی ویب سائٹ پر فروخت کے لیے دستیاب ہو گی۔
رائل کلیکشن ٹرسٹ دراصل رائل ہاؤس سولڈ کا شعبہ ہے جو شاہی خزانوں کے تحفظ اور فنڈ جمع کرنے کے لیے شاہی محلات کو عوام کے لیے کھولتا ہے۔
بکنگھم پیلس کی طرف سے ملکہ برطانیہ کی نوے سالہ سالگرہ کی تقریبات کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق ملکہ برطانیہ اکیس اپریل کو اپنی سالگرہ کے موقع پر اپنی سرکاری رہائش گاہ ونڈسر محل میں قیام کریں گی اس موقع پر ملکہ برطانیہ اور شہزادہ فلپ ونڈسر میں دو مختلف عوامی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
شاہی خاندان کے ارکان لندن میں ہونے والی ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی سرکاری تقریبات کے سلسلے میں 12 سے 15 جون تک ہر رات ایک تقریب میں شرکت کریں گے اور آخری روز کی تقریبات میں کوئین الزبیتھ کی شرکت متوقع ہے جسے برطانوی نشریاتی ادارے آئی ٹی وی کی طرف سے براہ راست نشر کیا جائے گا۔
ملکہ برطانیہ باضابطہ طور پر 21 اپریل کو 90 سال کی ہو جائیں گی اور اس سنگ میل کے موقع پر 12 جون کو ملک بھر میں سرکاری سطح پر ملکہ کی سالگرہ کا جشن منعقد کیا جاتا ہے۔