’اگر تم نہ ہوتے‘ ۔۔۔ ’ہم ٹی وی‘ کی نئی ڈرامہ سیریل ہے۔ اس نام سے پڑوسی ملک میں ایک فلم بھی بن چکی ہے۔ لیکن، اس فلم اور اس کی کہانی سے اس سیریل کا کوئی واسطہ نہیں۔ یہ اپنی سرزمین اور اپنے رشتوں کی کہانی ہے جو دو خاندانوں کے گرد گھومتی ہے۔
ایک خاندان ہے احمر کا اور دوسرا انور صاحب کا۔ احمر ایک کامیاب بزنس مین ہے جس کی بیوی ایک حادثے کا شکار ہوکر اسے اور اس کی آٹھ سالہ بیٹی کو ہمیشہ کے لئے چھوڑ جاتی ہے۔
کہانی کا دوسرا کردار انور صاحب ہیں جو احمر کی کمپنی میں ملازمت کرتے ہیں۔ ان کی ایک بیٹی ہے حنا۔۔ جو سلجھی ہوئی شخصیت کی مالک ہے۔احمر انور صاحب کو بہت اہمیت اور عزت دیتا ہے۔
انور صاحب حنا کا رشتہ اپنے دیرینہ دوست اخلاق کے بیٹے سے طے کردیتے ہیں۔ لیکن، جلد ہی انہیں اندازہ ہوجاتا ہے کہ اخلاق کی نظر ان کے پیسوں پر ہے۔
یہی پریشانی ان کے لئے دل کے دورے کا سبب بن جاتی ہے۔ ایسے میں، وہ حنا کی ذمہ داری احمر کو دے جاتے ہیں۔ احمر حنا کو اپنے گھر لے آتا ہے۔ لیکن، احمر کا یہ فیصلہ ان کی زندگیوں کو ایک نئے موڑ پر لے آتا ہے۔
حنا، احمر کے گھر کیا آتی ہے ہر طرف تنقید کے دہانے کھل جاتے ہیں۔ اسے معاشرے کے انتہائی تلخ سوالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن، وہ انور صاحب سے کئے گئے وعدے کی خاطر ان کا سامنا کرنے لگتا ہے۔ مگر، کب تک؟
انسانی رشتوں اور جذبات کی آمیزش کا نام ’اگر تم نہ ہوتے‘ہے، جسے تحریرکیا ہے غزالہ عزیز نے۔ ہدایتکار ہیں فہیم برنی۔ پیشکش سید افضل علی کی ہے، جبکہ اداکاروں میں شامل ہیں ثانیہ شمشاد، کنور ارسلان، حسان احمد، یاسر شورو، عروسہ قریشی اور مریم انصاری۔