رسائی کے لنکس

دو نئی فلمیں ’گینگس آف واسیپور‘ اور’ تیری میری کہانی‘ ریلیز ہوگئیں


دو نئی بالی ووڈ فلمیں ”گینگس آف واسیپور “ اور ”تیری میری کہانی “ آج ریلیز ہوگئیں۔ان دونوں فلموں سے بڑے بڑے نام وابستہ ہیں۔ ”گینگس آف واسیپور“انوراگ کرشیپ کے ڈائریکشن میں بنی ہے ۔ انوراگ کے کریڈیٹ پر کئی بڑی بڑی فلمیں ہیں مثلاً” بلیک فرائیڈے “اور ”ڈیو ڈی“۔”ڈیو ڈی“اب تک کی سب سے بڑی رقم بٹورنے والی فلم ہے جبکہ ”بلیک فرائیڈے “کو انوراگ کی سب سے بہترین فلم تسلیم کیا جاتا ہے۔

انوراگ کے کام کو دیکھتے ہوئے امید کی جارہی ہے کہ ”گینگس آف واسیپور“ بھی اچھا بزنس کرے گی۔ خود انوراگ کو اس سے خاصی امیدیں ہیں۔

دوسری جانب فلم ”تیری میری کہانی“ کے بھی خوب چرچے ہیں۔ پریانکا چوپڑا، شاہد کپور اور کنال کوہلی جیسے بڑے چہروں والی ”تیری میری کہانی“اس ہفتے ریلیز ہونے والی دوسری نامور فلم ہے۔ کنال کوہلی بطور ڈائریکٹر ماضی میں فلم ”فنا“ بناچکے ہیں جس نے 50کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔

پریانکا چوپڑا حال ہی میں دو کامیاب فلمیں ”ڈان “ اور ”اگنی پتھ“ دے چکی ہیں ، اس حوالے سے” تیری میری کہانی “سے بھی کامیابی کی امید کی جارہی ہے ۔

پریانکا کے مقابلے میں شاہد کپور کی دو فلمیں ”وواہ“ اور” جب وی میٹ“ کامیاب ہوچکی ہیں جبکہ” کمینے“ سپرہٹ ہوئی تھی تاہم”موسم“ میں انہیں کوئی کامیابی نہ مل سکی لہذا اگر” تیری میری کہانی“ ہٹ ہوگئی تو شاہد کپور کے کیرئیر کو سہارا مل جائے گا ورنہ ان کا کیرئیر گہناجائے گا اور پھر پتہ نہیں کب انہیں سنبھلنے کا موقع ملے۔

شاہد کپور کے ساتھ ساتھ کنال کوہلی کے لئے بھی نئی فلم ایک سنہرا موقع ہے ورنہ اس سے قبل ریلیز ہونے والی ان کی فلم ” مجھ سے دوستی کروگے “میں وہ رہتک روشن ، کرینہ کپور اور رانی مکھرجی جیسے کامیاب فنکاروں اور یش راج پکچرز کے بڑے بینر کے باوجود کچھ نہیں کرسکے تھے البتہ ”تھوڑا پیار تھوڑا میجک “اور ”بریک کے بعد“ کے ذریعے انہوں نے ٹکٹ ونڈو پر بم برسا دیئے تھے۔

پچھلے ہفتے کی کامیاب اور ناکام فلمیں
اب کچھ باتیں پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی فلموں کی۔ پچھلے ہفتے کی قابل ذکر فلم تھی وندو ونود چوپڑا کی ” فراری کی سواری“ ۔ فلم نے سست روی سے شروعات کی لیکن دوسرے اور تیسرے دن اچھا بزنس کیا لیکن اس فلم کو ”راوٴڈی راٹھور“سے سخت مقابلہ رہا۔ اگرچہ ”راوٴڈی راٹھور“ کی ریلیز کا یہ تیسرا ہفتہ ہے لیکن اس کے باوجود فلم کو پسندکرنے والوں کی لائنیں اب بھی سینما گھروں پر لگی ہوئی ہیں لہذا ”فراری سی سواری“کو مشکلات کا سامنا ہے۔

گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی دو فلمیں ”قسم سے قسم سے “ اور چکردھار“ بری طرح ناکامی سے دوچار ہوئیں۔ فلمیں دیکھ کر اندازہ ہوا کہ اگر ان پر محنت نہ کی جاتی توبھی کوئی فرق نہیں پڑتا۔
ادھر دیباکر بینرجی ، فاروق شیخ، عمران ہاشمی اور ابھے دیول کی فلم ”شنگھائی“ کو بھی ناظرین نے خاطر خواہ پسند نہیں کیاتاہم فلم کو ابھی بھی کامیاب یا ناکام نہیں کہاجاسکتا۔ اس کے مستقبل کا فیصلہ رواں ہفتے ہوسکے گا۔

XS
SM
MD
LG