پاکستان فلم انڈسٹری میں نئے نئے پروڈیوسروں اور ڈائریکٹروں کی آمد کی وجہ سے فلم بینوں کو مختلف موضوعات پر بننے والی اچھی فلمیں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ ان فلموں کی پروموشن اور تعارفی تقریبات بھی اب اہمیت اختیار کر گئی ہیں جن میں شوبز کے چمکتے دمکتے ستارے دھوم دھام سے شریک ہوتے ہیں۔
کراچی میں ایسی ہی ایک خوبصورت شام سجی آنے والی فلم ’دوبارہ پھر سے‘ کی ٹیم کے لئے۔ تقریب میں فلم کے دوگانوں کے ٹریلر بھی دکھائے گئے جبکہ فلمی ستاروں نے میڈیا نمائندوں سے بھی کھل کر گفتگو کی۔
’دوبارہ پھر سے‘ کو ڈائریکٹ کیا ہے مہرین جبار نے جو متعدد کامیاب ٹی وی سیریلز تخلیق کر چکی ہیں۔ میڈیا کے سوالوں کے جواب میں مہرین جبار نے موجودہ دور کو پاکستانی سینما کا اچھا وقت قرار دیتے ہوئے کہا: ’’اس وقت بہت سے لوگ مختلف شعبوں مثلاً ٹی وی کمرشلز اور ڈرامہ انڈسٹری سے فلم نگری کا رخ کر رہے ہیں اور فلمیں بنا رہے ہیں جس کی وجہ سے نت نئے موضوعات پر فلمیں بن رہی ہیں۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پاکستانی سینما انڈسٹری نہ صرف مضبوط ہوگی بلکہ اپنے پیروں پر بھی کھڑی ہو سکے گی۔‘‘
مہرین کا مزید کہنا تھا ’’فلم میں بہت سے کردار ہیں اور ہر کردار اہم ہے۔‘‘
نیو یارک اور پاکستان میں فلم کی شوٹنگ کے بارے میں مہرین نے کہا کہ’’فلم نیو یارک کے پس منظر میں بنائی گئی ہے، کیونکہ میں نیویارک میں رہتی ہوں۔’دوبارہ پھر سے‘ پیچیدہ رشتوں اور تعلق کی سادہ سی کہانی ہے۔‘‘
پاکستان کی مایہ ناز اداکارہ عتیقہ اوڈھو فلم میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے ’’فلم میں ہر ایک نے بہت محنت سے کام کیا ہے۔‘‘
’دوبارہ پھرسے‘ کے پروڈیوسر سلمان اقبال نے کہا کہ’’نیویارک میں شوٹنگ کے دو فائدے ہوئے۔ ایک تو خوبصورت بیک گراؤنڈ مل گیا دوسرا یہ احساس ہوا کہ ہماری فلم انڈسٹری میچور ہوگئی ہے۔‘‘
فلم کی کاسٹ میں علی کاظمی، حریم فاروق، عدیل حسین، طوبا صدیقی اور صنم سعید شامل ہیں۔ فلم 25 نومبر کو ریلیز ہوگی۔