رسائی کے لنکس

نیو یارک: برفانی طوفان میں شدت، باہر نکلنے پر پابندی


ٹائمز اسکوائر
ٹائمز اسکوائر

جارجیا اور نیو انگلینڈ کے علاقے میں کم از کم نو افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے چھ شمالی کیرولینا، کینٹکی اور ٹنیسی میں کار حادثات میں ہلاک ہوئے۔ 11 ریاستوں میں ہنگامی حالات کا اعلان کیا گیا ہے۔ کنٹکی میں، حکام نے ہنگامی پناہ گاہیں قائم کی ہیں، جو اہم انٹراسٹیٹ ہائی وے پر واقع ہیں

سخت سرد موسم میں برف باری اور طوفان کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نیو یارک میں معمولاتِ زندگی معطل ہو کر رہ گئے ہیں۔ نیو یارک کے میئر بِل ڈی بلاسیو نے شہر میں ہنگامی حالت میں استعمال کے علاوہ ہر قسم کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔

یہ اعلان کرتے ہوئے، میئر نے کہا کہ ''پیش گوئی کرنے والوں نے چوکنہ کیا ہے کہ طوفانی صورت حال سے انسانی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے''۔

سفر پر پابندی لگنے سےکئی گھنٹے قبل اپنے خطاب میں، ڈی بلاسیو نے تمام کاروبار بند کرنے کے لیے کہا تھا۔

میئر کے بقول، ''اب کاروبار بند کرنے اور اپنے ملازمین کو فوری طور پر گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے''۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ وہ لوگ جو سڑکوں پر موجود پائے گئے اُنھیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

'جوناس' نامی طوفان نے ہفتے کو وسط اوقیانوس اور شمال مشرقی علاقوں میں شدت اختیار کرلی اور واشنگٹن ڈی سی کے میٹروپولٹن ایریا پر تقریباً 60 سینٹی میٹر تک برف کہ تہ بچھ گئی ہے۔

آٹھ کروڑ 50 لاکھ افراد طوفان کی زد میں ہیں، جب کہ ہزاروں لوگوں کو بجلی کی ترسیل بند ہوچکی ہے، جب کہ امریکہ کے مشرقی ساحلی علاقے پر تیز آندھی جاری رہی، جس کے باعث، سڑک، ریل اور فضائی آمد و رفت معطل ہو کر رہ گئی ہے۔

ایسے میں جب اتوار کی صبح تک برفانی طوفان جاری رہنے کی پیش گوئی ہے، موسمیاتی اداروں نے اطلاع دی ہے کہ جاری طوفان کے نتیجے میں برف باری تیز ہو جائے گی، جس سے پچھلے ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں۔ مکینوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ گھروں میں رہیں، چونکہ طوفان کی رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹا تک ہوگئی ہے، جس کے باعث برف کے ڈھیر لگ گئے ہیں اور نقل و حرکت مشکل تر ہو چکی ہے۔

بالٹی مور کی میئر، اسٹفنی رالنگز بلیک نے شہر کے باسیوں سے گھروں میں رہنے کے لیے کہا ہے، یہ کہتے ہوئے کہ سڑکیں خطرناک بن چکی ہیں۔ اُنھوں نے 'سی این این' کو بتایا کہ جاری برف باری کے ساتھ ساتھ تیز رفتار آندھی نے مسائل کھڑے کر دیے ہیں۔

نیو جرنی کے گورنر، کرس کرسٹی نے کہا ہے کہ جرسی کے قصبات میں تیز لہریں اٹھی ہیں، جن سے ہفتے کے روز سیلاب کے راستے میں برف پگھلی ہے جو پانی آبادی والے علاقے کی طرف پھیل گیا ہے، جب کہ دھند چھایا ہوا ہے اور ایک گھنٹے میں سات سینٹی میٹر کی رفتار سے برف پڑ رہی ہے۔

ریاست کے کچھ جنوبی علاقوں میں سیلاب کی صورت حال ہے۔ کرسٹی نے بتایا ہے کہ بجلی بند ہونے کی 90000 شکایات موصول ہوئی ہیں، جب کہ متاثرہ لوگوں کو عارضی پناہ گاہوں کی جانب منتقل کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے لوگوں سے گھروں پر رہنے کی تاکید کی ہے۔

واشنگٹن کی صورت حال میں کچھ قدر بہتری آئی ہے، حالانکہ ہفتے کے روز رات گئے تک برف باری ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ اب تک پولسویلی، میری لینڈ میں، جو دارالحکومت کے شمال میں واقع ہے، اب تک 58 سینٹی میٹر برف باری کی تہ جم چکی ہے۔

ہنگامی صورت حال

جارجیا سے نیو انگلینڈ تک کم از کم نو افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے چھ شمالی کیرولینا، کینٹکی اور ٹنیسی کے کار حادثات میں ہلاک ہوئے۔ 11 ریاستوں میں ہنگامی حالات کا اعلان کیا گیا ہے۔ کنٹکی میں، حکام نے ہنگامی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں، جو اہم انٹراسٹیٹ ہائی وے پر واقع ہیں، جہاں موٹر گاڑیاں پھنس جانے کے باعث 10 گھنٹے سے لوگ پھنس کر رہ گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، جوناس واشنگٹن کی تاریخ کا 10 واں بدترین طوفان بتایا جا رہا ہے۔

اس برفانی طوفان سے قبل، واشنگٹن کی میئر، موریل بائوزر نے جمعے کے روز ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے، مقامی اسکول بند کردیے تھے۔

واشنگٹن میں وفاقی دفاتر بند ہیں، اور حکام نے ڈی سی کا سارا میٹرو پبلک نظام بند کرنے کا اقدام کیا ہے، جو ایک غیر معمولی قدم ہے۔

XS
SM
MD
LG