نیویارک پولیس کا کہنا ہےکہ مسلمان امریکیوں کے تعاون کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے امکانات کم ہیں۔
حکام نے پولیس اور مسلم کمیونٹی کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ داعش کے عمل دخل کو روکنے میں مساجد اور علما کا کردار نہایت اہم ہے۔
نیویارک پولیس کے زیر اہتمام ’پری رمضان کانفرنس‘ سے خطاب میں، پولیس کمشنر ولیم بریٹن نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ پولیس اور اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں۔
انھوں نے اعتراف کیا کہ پولیس کی سابقہ انتظامیہ مسلم کمیونٹی کے ساتھ زیادہ گھل مل نہ سکی تھی، جس کی وجہ سے باہمی اعتماد کی فضاء قائم نہ ہوسکی۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کی جاسوسی اور دیگر متنازعہ اقدامات کی وجہ سے نیویارک کے مسلمانوں کو سابقہ انتظامیہ سے کافی شکائتیں تھیں۔
تاہم، حکام کا کہنا تھا کہ پولیس کی موجودہ انتظامیہ اپنی لچکدار پالیسی کے تحت مسلم کمیونٹی کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنا چاہتی ہے۔
نیویارک پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ سب کو مل کر ہی اس ملک کی سیکورٹی کو یقینی بنانا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ 1200 سے زائدمسلم افسران نیویارک پولیس سے وابستہ ہیں جو کمیونٹی سے رابطے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
تقریب سے خطاب میں نیویارک پولیس میں انسداد دہشت گردی ٹاسک فورس کے سربراہ ڈپٹی کمشنر جے ملر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکی مسلمانوں کا تعاون ضروری ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ ماضی میں ان کے ساتھ قریبی رابطہ نہیں رکھا گیا، جس کی وجہ سے باہمی اعتماد میں کمی آئی ہے۔ لیکن، موجود کمشنر بریٹن کمیونٹی رہنماؤں سے براہ راست رابطے کر رہے ہیں اور یہ پری رمضان کانفرنس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
جے ملر نے کہا کہ داعش جیسی تنظمیں بہت زیادہ منظم ہوتی ہیں، جو نوجوانوں کو پرکشش ترغیبات دیتی ہیں اور انٹرنیٹ کو ذریعہ بناکر خود کو منظم کر رہی ہیں۔ لیکن، اچھی بات یہ ہے کہ اس کی اطلاع خود والدین ہمیں دیتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ماضی کی طرح نگرانی تو نہیں کی جارہی۔ لیکن، پولیس اور ایف بی آئی کو کمیونٹی کے تحفظات کے باوجود اپنا کام تو کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میئر کی ٹاسک فورس میں مسلم کمیونٹی کے نمائندے بھی شامل ہیں جن پر ہمیںٕ مکمل اعتماد حاصل ہے، بعض افراد پر اعتراض ہوسکتا ہے۔ لیکن پوری کمیونٹی پر نہیں۔
اس موقع پر پولیس کے ہیروز اور مسلم افسران کے حوالے سے ایک ویڈیو بھی دیکھائی گئی۔ قبل ازیں، نیویارک پولیس کے مرکزی دفتر، نیویارک ون میں منعقد ہونے والی اس پری رمضان کانفرنس کا آغاز مسلم چپلن امام خالد لطیف کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جبکہ میزبانی کے فرائض لیفٹنٹ ٹونی کورگیو نےادا کیے۔