پاکستان کے نامور گلو کار راحت فتح علی خان کو برطانیہ کی معروف آکسفورڈ یونیورسٹی نے موسیقی میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا کی ہے۔ انہیں یہ ڈگری فن موسیقی میں بالعموم اور قوالی کی گائیکی میں بالخصوص نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں دی گئی ہے۔
راحت فتح علی خان کے موسیقی کے 50 ایلبم ریلیز ہو چکے ہیں اور وہ ہالی ووڈ اور بالی ووڈ دونوں کے لئے 100 سے زائد گیت ریکارڈ کرا چکے ہیں۔ ان کی موسیقی کو دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد شائقین آن لائن دیکھ چکے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر صوفیانہ موسیقی میں بہت شہرت حاصل کی ہے۔
راحت فتح علی خان موسیقی کے ایک انتہائی معتبر گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ استاد نصرت فتح علی خان کے بھتیجے اور موسیقی کی تاریخ کے مشہور قوال استاد فتح علی خان کے نواسے ہیں۔
راحت فتح علی خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دنیا کی معروف آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنا ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر بہت خوش ہیں کہ ان کا فن موسیقی اس درجے پر پہنچا ہے کہ انہیں اس اعزاز کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی نے اس سے قبل 2017 میں ایک پریکٹس ہال کو ان سے موسوم کرتے ہوئے اس کا نام ’استاد راحت فتح علی خان میوزک روم‘ رکھ دیا تھا۔
اس سے ایک سال قبل 2016 میں آکسفورڈ یونیورسٹی نے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا تھا۔
اس موقع پر ان کے ساتھ چھ دیگر افراد کو بھی اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے پر ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی گئی۔ ان میں چینی نژاد امریکی سازندے یو یو ما، علم فلکیات کی ماہر امریکی سائنس دان پروفیسر اینڈریا غیز، مالیکیولر سیل بائیولوجی کی امریکی سائنس دان پروفیسر جینفر ڈوڈنا، کمپیوٹر سائنس کے ماہر امریکی سائنس دان پروفیسر شفیع گولڈوازر، بھارتی بائیو ٹیک کمپنی ’سیرم انسٹی ٹیوٹ‘ کے چیئرمین سیرس پونا والا اور برطانیہ کے معروف ماہر نفسیات پروفیسر سر سائمن ویزلے بھی شامل ہیں۔