نئے زمانے کے نئے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے پاکستانی فلم پروڈیوسرز نے بھی نت نئے تجربات شروع کردیئے ہیں۔ ایسا ہی کامیاب تجربہ 23 مارچ کو ریلیز ہونے والی اینی میٹیڈ فلم ’ ٹک ٹاک‘ ہے جس کی پروڈیوسر ثناء توصیف ہیں۔
ثناء توصیف نے وی او اے کو بتایا ’ملکی فلمی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی اینی میٹیڈ فلم میں ’ٹائم ٹریول‘ کے تصور کو پیش کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد نئی نسل کو پاکستان کے حقیقی ہیروز سے دلچسپ انداز میں روشناس کرانا ہے۔‘
فلم کی ریلیز سے ایک روز قبل کراچی میں اس کا پریمئر شو ہوا جس میں شو بزنس سے وابستہ کئی نامور ستاروں نےنہ صرف خود شرکت کی بلکہ ان کے بچے بھی شو دیکھنے میں پیش پیش نظر آئے۔
ٹک ٹاک کی کہانی عمیر علوی نے تحریر کی ہے جبکہ اس کی ہدایات دی ہیں عمر حسن نے۔ بیک گراؤنڈ اسکور اور میوزک، امو نے کمپوز کیا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں شو بزنس کے نامور ستارے شامل ہیں جن میں احسن خان نے حسن ‘ ماریہ میمن نے ثنا ‘ علی خان نے ’کے کے‘ اور غلام محی الدین نے ولن ’گوبو‘ کا کردار نبھایا ہے۔
’ٹک ٹاک‘ اینی میٹیڈ ایڈونچر فلم ہے جس کی کہانی حسن اور دانیا کی اس مہم کے گرد گھومتی ہے جس میں وہ اپنے ٹیچر ’کے کے‘ کے ساتھ مل کر تاریخ کو تبدیل کرنے کے ناپاک مقاصد رکھنے والے ’گوبو‘ کے خلاف جنگ کرتے ہیں۔
فلم کی کہانی ناظرین کو ہلکے پھلکے اور ایڈونچرس انداز میں پاکستان کے عظیم ہیروز کے ان عظیم کارناموں سے روشناس کراتی ہے جن میں وہ دشمن قوتوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہیں۔
پروڈیوسر ثناء توصیف کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک کی اصل طاقت اس کا کانسپٹ اور کانٹینٹ ہے۔
فلم ’ٹک ٹاک‘ پاکستان بھر میں ’ہم فلمز‘ کے بینر تلے پیش کی گئی ہے۔