کراچی ... پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی نے پاکستانی سینما گھروں میں زیر نمائش بھارتی فلموں پر ’پردہ‘ ڈال دیا ہے۔ سینما مالکان نے دونوں ممالک کے تعلقات معمول پر آنے تک بھارتی فلمیں نہ دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی اور اسلام آباد کے کئی سینما ہالز کے مالک اور فلم ڈسٹری بیوشن کمپنی مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے روح رواں، ندیم مانڈوی والا کا کہنا ہے ’’فلموں کی نمائش نہ کرنے کے فیصلے پر آج یعنی جمعہ سے عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔ تاہم، اس کا باضابطہ اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔‘‘
وی او اے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ حکومت نے نہیں سینما مالکان نے اپنے طور پر کیا ہے، اس لئے سب کو ایک صفحے پرلانے میں وقت لگے گا، اسی لئے باضابطہ اعلان کے لئے کچھ وقت درکار ہے۔
ادھر سپر سینما کے مالک خرم گل تاساب کے حوالے سے بھی مقامی میڈیا میں اس قسم کی خبریں ہیں کہ انہوں نے بھی اپنے سینما گھروں میں بالی وڈ فلموں کی نمائش روک دی ہے۔ جمعہ سے آئندہ دو ہفتوں تک سپر سینماؤں میں بھارتی فلمیں ریلیز نہیں کی جائیں گی۔
مذکورہ مالکان نے دیگر سینما مالکان سے بھی بھارتی فلمیں نہ دکھانے کی درخواست کی ہے۔
کراچی کا نیو پلیکس سینما بھی بھارتی فلموں کی نمائش نہ دکھانے والے سنیما گھروں میں شامل ہے۔ سینما انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اظہار یکجہتی کے طور پر بھارتی فلموں کی نمائش روکی گئی ہے۔
بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے کام پر پابندی
بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘، ’دکن کرونیکل‘ اور دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن (آئی ایم پی پی اے) نے ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے بالی وڈ فلموں میں پاکستانی اداکاروں اور ٹیکنشنز کے کام کرنے پر عارضی پابندی عائد کردی ہے۔یہ پابندی دونوں ممالک کے حالات معمول پرآنے تک رہے گی۔