رسائی کے لنکس

دکھ کی اس گھڑی میں فرانس کے ساتھ کھڑے ہیں: پاکستان


وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان فرانس کی حکومت اور وہاں کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ان حملوں میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

پاکستان نے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں دہشت گردوں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ وہ فرانس میں معصوم لوگوں کے خلاف اس دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ضرورت کے اس وقت میں پاکستان فرانس کی حکومت اور وہاں کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اُن کا ملک ان حملوں میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

اُدھر پاکستانی وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان میں بھی پیرس میں حملوں میں ہونے والے جانی نقصان کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

بیان میں پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے جانی نقصان پر فرانس کی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان فرانس کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزارت خارجہ کے بیان میں ایک مرتبہ پھر حکومت کے اس موقف کو دہرایا گیا کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جمعہ کی شب مختلف مقامات پر دہشت گردوں کی طرف سے بم حملوں اور فائرنگ سے درجنوں افراد ہلاک ہوئے۔

پیرس میں ہونے والے ان مربوط حملوں کے بعد فرانس میں ہنگامی صورت حال نافذ کر دی گئی۔

پاکستانی حکومت کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں اور حلقوں کی طرف سے بھی پیرس میں ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔

XS
SM
MD
LG