رسائی کے لنکس

فلم 'باجی' گلیمر کے پردے میں چھپی تلخ حقیقتوں کی کہانی


چمکتی دمکتی اورگلیمر سے بھرپور فلمی دنیا اپنے اندر دیکھنے والوں کے لئے بہت کشش رکھتی ہے۔ لیکن رنگوں اور روشنیوں کی دنیا کی تلخ حقیقتیں کبھی کبھی ہی سامنے آتی ہیں۔

نئی پاکستانی فلم باجی میں بھی سلور اسکرین کے پیچھے چھپی اس طرح کی حقیقی زندگی کی جھلک دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔

فلم باجی کے دو ٹریلر اب تک منظرِ عام پر آچکے ہیں جنہیں پذیرائی مل رہی ہے۔ ثاقب ملک کی اس فلم میں فلم اسٹار میرا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

ٹریلر دیکھنے والے شائقین فلم باجی کو میرا کی حقیقی زندگی کا عکس بھی قرار دے رہے ہیں۔ اداکارہ میرا بھی ٹریلر کی ریلیز کے بعد تعریفیں وصول کر رہی ہیں۔

فلم باجی کی کہانی ڈھلتی عمر کی ایک ایسی مشہور ہیروئن کے گرد گھومتی ہے جو گزرتے وقت کی حقیقت تسلیم کرنے کے بجائے یہ سمجھتی ہے کہ وقت اب بھی اس کا ہے۔

اس دوران اس کی ملاقات پارلر میں کام کرنے والی لڑکی سے ہوتی ہے جس کی باتیں سن کر شمیرا اسے اپنا سیکریٹری رکھ لیتی ہے۔

آمنہ الیاس یعنی شمیرا کی اسسٹنٹ کو ہیروئن کا ساتھ ملتا ہے تو اس کے رنگ ڈھنگ، خواب اور انداز ہی بدل جاتے ہیں۔ اور پھر ظالم وقت شمیرا کو اس حقیقت سے آشنا کرتا ہے کہ فلمی دنیا کے پنڈتوں کی نظر میں اب اس کی نہیں بلکہ اس کی اسسٹنٹ کی زیادہ اہمیت ہے۔

حقیقت اور تصور کی اس جنگ میں کیا ہوتا ہے؟ یہ تو فلم کی ریلیز کے بعد ہی پتا چلے گا۔

اے آر وائی فلمز کی باجی 28 جون کو ریلیز کی جائے گی۔ فلم کی اسٹار کاسٹ میں ویٹرن اداکارہ نشو بیگم، خالد عثمان بٹ، نیر اعجاز اور محسن عباس حیدر شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG