کراچی ۔۔۔ ہندی فلموں کے منجھے ہوئے ایکٹر پریش راول بھی پاکستانی ڈراموں کے فین ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’پاکستانی ڈرامے ہر لحاظ سے ہندی فلموں سے بہت بہتر اور اچھے ہوتے ہیں، چاہے کونٹینٹ ہویا پھر ایکٹنگ، ہماری فلمیں پاکستانی ڈراموں کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔‘
بھارتی اخبار ’احمد آباد ٹائمز‘ سے بات چیت میں پریش راول نے ہالی ووڈ اوربالی ووڈ میں مقابلے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پرکہا ’ہالی وڈ تو چھوڑیں، بالی وڈ فلمیں تو پاکستانی ڈراموں کا بھی مقابلہ نہیں کرسکتیں‘۔
اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا ’وقت آگیا ہے کہ بالی ووڈ فلم میکرز ایسی فلمیں بنانا شروع کریں جن کے موضوعات بھی اچھوتے ہوں اور کونٹینٹ بھی اسٹرونگ ہو۔ بہت سے فلم میکرز فلمی شائقین کو ’انڈراسٹیمیٹ‘ کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ حقیقی اسکرپٹ اور موجودہ ٹرینڈسے ہٹ کر فلم بنائی تو لوگ اسے سمجھ نہیں پائیں گے، اس سوچ کو بدلنا ہوگا۔‘
سو کروڑ کلب کے بارے میں بولڈ انداز میں اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے پریش راول کا کہنا تھا ’100 کروڑ کا ہندسہ عبورکرلینا کوئی سنگ میل نہیں اور نہ ہی یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ فلم اسکرپٹ کے حوالے سے بھی اچھی ہے۔ میں تو 100کروڑ کے چکر میں ہی نہیں پڑتا، اسکرپٹ اچھا ہو یہ بات اہم ہے۔‘
پریش کے بقول، ’مختلف نوعیت کے انگنت کردار ادا کرنے کے باوجود ایسا نہیں لگتا کہ میں نے بطور ایکٹرسب کچھ پا لیا۔ اسکرپٹ ایکٹرسے بڑا ہوتا ہے، جب تک اچھے اسکرپٹ ملتے رہے ، کام کرتا رہوں گا۔‘
پریش راول کی حال ہی میں ایک اور فلم ’راجا نٹورلال‘ ریلیز ہوئی ہے جو رومینٹک کامیڈی ہے اور اس کی کاسٹ میں عمران ہاشمی کے ساتھ ساتھ پاکستانی اداکارہ عمیمہ ملک بھی شامل ہیں۔