رسائی کے لنکس

بالی وڈ ستاروں کی محفل میں برطانوی شاہی جوڑے کی شرکت


اتوار کو اپنے دورے کے پہلے روز شاہی جوڑے نے ممبئی کے تاج محل ہوٹل میں 'بالی وڈ چیرٹی گالا ڈنر' کی تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کا ممبئی کی اشرافیہ، سفیروں اور بالی وڈ فلم انڈسٹری کے اداکاروں کی طرف سے والہانہ استقبال کیا گیا۔

بھارت کے معروف ترین فلمی ستاروں سے سجی ایک رنگا رنگ تقریب میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا بالی وڈ اداکاروں کی طرف سے شاہانہ انداز میں استقبال کیا گیا ہے۔

بالی وڈ فلمی ستاروں کے ساتھ منائی جانے والی اس شام میں برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اوراپنی آمد سے تقریب کو خوب رونق بخشی اور اسے ایک یادگار تقریب بنا دیا۔

اتوار کو اپنے دورے کے پہلے روز شاہی جوڑے نے ممبئی کے تاج محل ہوٹل میں 'بالی وڈ چیرٹی گالا ڈنر' کی تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کا ممبئی کی اشرافیہ، سفیروں اور بالی وڈ فلم انڈسٹری کے اداکاروں کی طرف سے والہانہ استقبال کیا گیا۔

برطانوی اخبار ایکسپریس کے مطابق استقبالیہ کا اہتمام برطانوی ہائی کمیشن اور برطانوی ایشیائی ٹرسٹ کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس تقریب کا مقصد بھارت کے زیادہ محروم طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے کام کرنے والی خیراتی تنظیموں کی حمایت تھی۔

فلمی ستاروں سے سجی اس خوبصورت تقریب کے نمایاں مہمانوں میں بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان، سابقہ ملکہ حسن اداکار ایشوریہ رائے، انیل کپور، شلپا سیٹھی، مادھوری ڈکشٹ، عالیہ بھٹ، سونم کپور پرینیتی چوپڑا اور دیگر معروف اداکار شامل تھے۔

اس موقع پر شہزادی کیٹ مڈلٹن نے معروف برطانوی ڈیزائنر کا کھلتے ہوئے نیلے رنگ کا نفیس موتیوں کے کام والا گاؤن زیب تن کیا تھا اور وہ بالی وڈ کی خوبصورت ہیروئینوں کی جھرمٹ میں نمایاں نظر آ رہی تھیں۔

ایشوریہ رائے بچن کی طرف سے شہزادی کیٹ کوگلابی پھولوں کا ایک بڑا سا گلدستہ پیش کیا گیا جبکہ بالی وڈ کے تیس سے زیادہ فنکاروں نے مہمانوں کے سامنے اسٹیج پر بالی وڈ فلموں کے مشہور گانوں پررقص پیش کیا.

شاہی محل کنزنگٹن پیلس کی طرف سے شاہی جوڑے کے بھارت کے دورے کی تفصیلات کے حوالے سے اتوار کو متعدد ٹوئٹس کی گئی ہیں اور شاہی جوڑے کے پہلے دن کی مصروفیت کو تصاویر کے ساتھ شئیر کیا گیا ہے۔

شاہی محل کی طرف سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ شاہی جوڑے کے دورے کا پہلا روز تفریح سے بھرپور گزرا ہے۔

ایک ٹوئٹ کے مطابق شہزادہ ولیم نے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب کیتھرین اور میری شادی ہوئی تھی تو کیتھرین کی فہرست میں بھارت وہ پہلی جگہ تھی جہاں کا وہ دورہ کرنا چاہتی تھی۔

انھوں نے کہا کہ دو بچوں اور شادی کے پانچ سال بعد بالاآخر ہم یہاں پہنچ گئے ہیں اور یہ ہمارے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج دن میں انھیں مقامی بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا ہے اور وہ بھارت کے بچوں کو درپیش مسائل سے اچھی طرح واقف ہوئے ہیں۔

شہزادہ ولیم نے مزید کہا کہ کیتھرین اور مجھے اس شاندار تقریب میں آ کر بےحد خوشی ہوئی ہے جس کا مقصد بچوں کے لیے کام کرنے والی خیراتی اداروں کے لیے امداد اکھٹی کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG