رسائی کے لنکس

پٹاری: ان سنی آوازیں، ان گنت خواب


پٹاری پاکستان کی ایک بڑی میوزک اسٹریمنگ سروس کے طور پر جانی جاتی ہے۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پر ہر اچھے گلوگار کو اپنا فن پیش کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اس ویب سائٹ پر نئی اور پرانی مو سیقی دستیاب ہے لیکن جو چیز اسے منفرد بناتی ہے وہ ہے ان سنی آوازوں کو دیے جانے والا پلیٹ فارم۔

خالد باجوہ نے 2015 میں patari.pk کا آغاز کیا، اور اب اس کی مفت سمارٹ فون ایپ بھی دستیاب ہے۔ حال ہی میں پٹاری تعبیر پروگرام کو شروع کیا گیا جس کے سی ۔او۔او احمر نقوی کہتے ہیں کہ پٹاری کا مقصد پاکستانی موسیقی کو فروغ دینے کے علاوہ نئے گلوکاروں خواہ وہ کسی بھی طبقے سے ہوں انہیں ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا تاکہ خاص طور پر غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے ایسے گلوکاروں کو سامنے لایا جائے جو اچھی آواز ہونے کے باوجود اپنے خوابوں کو حقیقت کا رنگ نہیں دے پاتے۔

احمر کہتے ہیں کہ اسلام آباد میں میرے پاس ایک گھریلو ملازم نذر مسیح گِل آیا، اور ساتھ میں اپنا لکھا ہوا گانا لایا، میں نے اس کی آواز سنی، اس کا گانا اور آواز دونوں اچھی تھیں۔ پٹاری کو انہیں دنوں امریکہ میں ایک ایوارڈ سے نوزاگیا تھا۔ یہیں پٹاری کے سی ای او خالد باجوہ کی ملاقات پاکستانی نژاد فوزیہ نقوی سے ہوئی جنہیں یہ کاوش اچھی لگی۔ فوزیہ نے اپنے ذاتی اکاونٹ سے ان کو فنڈ فراہم کیے۔

احمر کے مطابق خالد کے واپسی کے ساتھ ہی ہم نے تعبیر پروگرام کا با قائدہ آغاز کیا۔ اور پاکستان کے مختلف علاقوں سے گلو کاروں کو ڈھونڈا خاص طور پر وہ آرٹسٹ جنہیں ٹیلنٹ کے باوجود اپنی غربت یا دوسری وجوہات کی وجہ سے موقع نہیں ملتا، ایسے ہی لوگوں کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے تعبیر کی بنیاد رکھی گئی۔

سبی کا عابد بروہی ہو، میر پور خاص کا بھگت بھرو لال یا فیصل آباد کا نذر مسیح، پٹاری تعبیر نے ملک بھر کے پسماندہ علاقوں کے گلوگاروں کو موقع فراہم کیا ہے۔ احمر کہتے ہیں کہ ہم ان لوگوں کو ایک اچھا مستقبل دینے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ یہ لوگ موسیقی کی دنیا میں خود ا پنا ایک نام پیدا کریں۔

پٹاری تعبیر پروگرام کے بارے میں امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد امریکی فوزیہ نقوی نے اردو وی اے او سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے خود سے اس پروگرام کے لئے چندہ دیا کیونکہ مجھے پٹاری کی پوری ٹیم کا کام بہت پسند آیا، یہ لوگ ملک بھر کے ایسے علاقوں سے نوجوان نسل کو موقع فراہم کر رہے ہیں جہاں کسی کو یہ معلوم بھی نہیں کہ پٹاری کیا ہے۔ فوزیہ نے کہا کہ ایک پاکستانی امریکی ہونے کے ناطے میں چاہتی ہوں کہ اپنے ملک کے لئے کچھ کر سکوں۔

فیصل آباد کے رہائشی نذر مسیح گِل نے وی او اے کو بتایا کہ میرے حالات مجھے اجازت نہیں دیتے تھے کہ میں اپنے خوابوں کو پورا کر سکوں لیکن میرے خوابوں کو تعبیر، پٹاری تعبیر نے دی۔

XS
SM
MD
LG