سنی اتحاد کونسل کے کوٹے کی مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں کو الاٹ
- By ایم بی سومرو
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کے کوٹے کی مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں میں تقسیم کر دی ہیں۔
منگل کو الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں غیر مسلموں کی خالی تین نشستیں مسلم لیگ(ن)، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کو الاٹ کی ہیں۔ پنجاب سے قومی اسمبلی کی خواتین کی دو مخصوص نشستیں پیپلز پارٹی اور ایک مسلم لیگ (ن)کو دی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی خواتین کی چار نشستیں ن لیگ اور دو دو نشستیں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کو الاٹ کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی میں مخصوص نشتیں بھی دیگر جماعتوں کو الاٹ کی گئی ہیں۔
سندھ اسمبلی میں خواتین کی دو مخصوص نشستیں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں تقسیم کی گئی ہیں جب کہ سندھ اسمبلی میں اقلیتوں کی ایک نشست پیپلز پارٹی کو دی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں اقلیتوں کی باقی تین نشستیں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام میں تقسیم کی گئی ہیں۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین کی خالی 10 نشستوں میں سے جے یو آئی کو خواتین کی مزید آٹھ نشستیں مل گئی ہیں اور دو نشستیں مسلم لیگ ن کو الاٹ کی گئی ہیں۔