پاکستان سپر لیگ کے 15ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔
شعیب ملک 55 گیندوں پر 68 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ لائم لونگ اسٹون اور لوئیس گریگری نے 25، 25 رنز اسکور کیے۔ محمد عامر نے 25 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں کراچی نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹیں کھوکر 18.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔ اننگز اوپن کرنے والے بابر اعظم نے 59 گیندوں 70 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے۔ ایلکس ہیلز 49 اور چڈوک والٹن نے 22 رنز اسکور کیے۔
اس سے قبل 21 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھی کراچی کنگز نے پشاور زلمی کے خلاف 10 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
سیزن تھری اور سیزن فور میں بھی دونوں ٹیموں نے دو بار ایک دوسرے کا سامنا کیا تھا اور دونوں بار جیت پشاور کا مقدر بنی تھی۔
پی ایس ایل کے رواں سیزن میں پشاور زلمی چھ میچز کھیل کر پانچویں نمبر پر آگئی ہے۔ اس نے دو میچ جیتے، تین ہارے اور ایک بارش کی وجہ سے کھیلا نہیں جاسکا۔
کراچی کنگز پانچ میچز کھیل کر پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔ اس نے تین میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دو میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز آٹھ پوائنٹس کے ساتھ سرِفہرست ہے۔