بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے، ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘، روزنامہ’انڈین ایکسپریس‘ اور دیگر ذرائع ابلاغ کے مطابق، تہاڑ جیل میں مختلف جرائم میں قید 150ہندو قیدی اپنے 2300مسلمان ساتھیوں کا ساتھ دینے کے لئے باقاعدگی سے رمضان کے روزے رکھ رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، جیل میں سحری اور افطاری کے وقت ایسی رونق اور گہما گہمی ہوتی ہے کہ جس سے روادری، ہم آہنگی اور یکجہتی کے رنگ پھوٹتے نظر آتے ہیں۔
تہاڑ جیل کے پبلک ریلیشننگ آفیسر نے پی ٹی آئی سے گفتگو میں کہا کہ ہندو قیدیوں کا مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے روزہ رکھنا مذہبی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔
جیل انتظامیہ قیدیوں کو بھرپور سہولت فراہم کر رہی ہے۔ جلیبی، ڈرائی فروٹ اورقسم قسم کے پکوان سحری اورافطاری کے وقت روزہ داروں کی تواضح کے لئے دستیاب ہوتے ہیں۔ روزہ دار قیدیوں میں 70 خواتین بھی شامل ہیں۔