عالمی معاشی بحران کے دورمیں امریکہ میں تعلیمی شعبے کے حوالے سے ایک بحث یہ بھی جاری ہے کہ سرکاری بجٹ سےایسے والدین کی مالی مدد کی جائے یا نہیں، جو اپنے بچوں کوامریکہ کے مفت سرکاری سکولوں کے بجائے مہنگے پرائیویٹ سکولوں میں پڑھانا چاہتے ہیں ۔ امریکہ میں ایسے والدین کوحکومت کی طرف سے ایسے سکول واؤچرز فراہم کئے جاتے ہیں، جن سے کم وسائل یافتہ والدین بھی اپنے بچوں کے لئے مہنگے پرائیویٹ سکولوں کی فیس ادا کر رہے ہیں ۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں خرچ کی جانے والی رقم سرکاری سکول سسٹم کی اصلاح کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے
امریکہ کے ایک پرائیویٹ سکول میں تقریبا نوے بچوں کو ابتدائی کلاسزسے لے کر ہائی سکول تک کی تعلیم دی جاتی ہے۔ اس سکول کی سالانہ فیس گیارہ ہزار ڈالر ہے جس کی وجہ سے کم آمدنی والے افراد اپنے بچوں کو یہاں نہیں پڑھا پاتے ۔ مگر یہاں پڑھنے والے بچوں کے والدین کا خیال ہے کہ انفرادی توجہ کی وجہ سے ان کے بچوں کے لئے نئی دنیا کے دروازے کھل گئے ہیں ۔
نیہا اور اس جیسے بہت سے بچوں کو حکومت کی جانب سے اسکو ل کی فیس میں مدد کے لیے سکول واؤچرز دئیے جاتے ہیں۔ والدین کے نزدیک ایسے پرائیویٹ سکول ان کے علاقوں میں موجود پبلک سکولوں سے زیادہ محفوظ اور بہتر ہیں۔
ڈومینیق ری پبلک سے تعلق رکھنے والے جوزف کیلی ا سکول واؤ چرز کی مدد سے اپنی تین بیٹیوں کی سکول کی فیس ادا کر رہے ہیں۔ کیلی کے گیارہ بچے ہیں ۔ جنہیں شکایت ہے کہ سرکاری ا سکولوں میں بچوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔
سرکاری تعلیمی نظام کے حامیوں کی مخالفت کے باجوود سرکاری امداد کا یہ پروگرام جاری ہے۔ فاؤنڈیشن آف ایجوکیشن چوائس امریکہ کی ایک ایسی تعلیمی تنظیم ہے جو سکول واؤچرز کی حمایت کرتی ہے۔ اس تنظیم کا کہنا ہے کہ بہت سی ریاستوں میں اس حوالے سے قانون پاس کیا جا چکا ہے جبکہ چند ریاستوں میں یہ قانون زیر ِ غور ہے۔ ان نئے قوانین کے باعث ان واؤچرز کے ذریعے ان والدین کو رقم مہیا کی جا سکے گی جو اپنے بچوں کو پرائیویٹ سکول بھیجنا چاہتے ہیں۔
اعتدال پسند عناصر اس بل کے حمایتی ہیں لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ اس قانون کے باعث ملک میں تمام اسکولوں کو پرائیویٹ بنانے کا رجحان فروغ پائے گا۔
واشنگٹن کے مئیر گیری وینسنٹ اس قانون کی مخالفت کرتے ہیں۔ ان کو ان کے ہی شہر کی پولیس نے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ سکول واؤچر سسٹم کے حوالے سے امریکی حکومت کی مخالفت میں کیے جانے والے ایک احتجاج میں شریک تھے۔
ناتھن سینڈرز واشنگٹن ٹیچرز یونین کے صدر ہیں۔ ان کے نزدیک واؤچرز کے حوالے سے ایسے قوانین مشکلات پیدا کریں گے۔
امریکہ میں ان واؤچرز کے حق اور مخالفت میں بحث جاری ہے۔ اور امریکہ کا شعبہ ِ تعلیم سب کے دلائل پر غور کر رہا ہے۔ ان کی تحقیق کے مطابق واشنگٹن کے پرائیویٹ ا سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے تعلیمی معیار اور کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔دوسری جانب پرائیویٹ سکولوں میں بچوں کے پاس ہونے کی شرح پبلک اسکولوں کی نسبت زیادہ رہی۔ جس سے والدین اور بچے دونوں ہی مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔