رسائی کے لنکس

یوکرین: باغیوں نے یوکرینی ہیلی کاپٹر مار گرایا


یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب ایک ہی روز قبل باغیوں نے مشرقی یوکرین میں ایک ہفتے کی عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا

روس نواز علیحدگی پسندوں نے ایک یوکرینی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب ایک ہی روز قبل باغیوں نے مشرقی یوکرین میں ایک ہفتے کی عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

باغیوں کی طرف سے عارضی جنگ بندی کا فیصلہ یوکرین کے صدر کی جانب سے سیز فائر کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔


یوکرین کی فوج کے ترجمان، ولاڈسلو سیلیزیوو کا کہنا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر مشرقی یوکرین کے شہر سلاونسک کے قریب گرایا گیا اور باغیوں نے طیارہ شکن میزائل لانچر کی مدد سے ہیلی کاپٹر کو گرایا ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ہیلی کاپٹر پر سوار تمام نو فوجی ہلاک ہو گئے۔


یوکرین میں علیحدگی پسند جنگجوؤں کے ایک راہنما کا کہنا ہے کہ یوکرین میں باغی 27 جون تک عارضی جنگ بندی پر کاربند رہیں گے۔

دوسری طرف، روسی صدر ولادی میر پوٹن نے منگل کے روز ویانا میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے یوکرین پر عارضی جنگ بندی کو توڑنے کا الزام لگایا اور کہا کہ یوکرین کے چھاتہ بردار سپاہیوں کو سلوویاناسک کے علاقے میں تعینات کر دیا گیا ہے، جہاں حکومت اور باغی افواج کے درمیان لڑائی جاری ہے۔

روسی خبر رساں اداروں کے مطابق، صدر پوٹن کا کہنا ہے کہ سیز فائر کو سات دن سے بڑھا دیا جائے، اور یوکرین میں امن کے لیے ٹھوس کاوشیں ضروری ہیں۔
XS
SM
MD
LG