امریکہ کے مشرقی اور شمالی ساحلی علاقوں میں منگل کی شام گئے شروع ہونے والی طوفانی ہوائیں، بارش اور برف باری بدھ کی دوپہر کے بعد بھی وقفے وقفے سے، تیز یا لگاتار ہلکی ہلکی رفتار سے جاری رہی۔
اطلاعات کے مطابق، نیو یارک اور بوسٹن میں شدید برف باری ہو رہی ہے، جب کہ واشنگٹن ڈی سی، ورجینیا اور میری لینڈ میں اسکول اور سرکاری دفاتر بند ہیں، برف کی تہ جمع ہونے کے باعث، کئی مقامات پر، 'سنو ایمرجنسی' نافذ کرکے، حکام نے سڑکوں پر سفر سے اجتناب برتنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
میری لینڈ کے شہر، بالٹی مور میں اب تک چھ انچ برف پڑ چکی ہے، جب کہ ورجینیا میں 'ریگن انٹرنینشل ایئرپورٹ' پر تین انچ برف پڑ چکی ہے اور جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، مارچ کے ماہ کی 21 تاریخ کے لحاظ سے 1964ء کے بعد یہ شدید ترین برفانی طوفان بتایا جاتا ہے۔
ادھر، نیو یارک کے گورنر اور بوسٹن کے حکام نے اسکول اور دفاتر بند کرنے کا حکم جاری کرکے 'سنو ایمرجنسی' نافذ کردی ہے؛ جو بدھ کے روز شام کے آٹھ بجے تک لاگو رہے گی۔
اطلاعات کے مطابق، کئی مقامات پر بجلی منقطع ہوگئی ہے، جب کہ کچھ جگہوں پر گاڑیاں پھسل جانے کے نتیجے میں ٹریفک رُک گیا ہے۔
بدھ کے روز تیز ہوائیں چلنے، برف باری، سلیٹ اور ایئرفیلڈ پر تہ جمنے کے نتیجے میں، امریکی ایئرلائنز نے ہزاروں پروازیں منسوخ کردیں۔ یہ اس ماہ آنے والا چوتھا برفانی طوفان تھا جس کے باعث خطے میں کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔
پروازوں پر نگاہ رکھنے والی ویب سائٹ 'فلائیٹ اویئر' کے مطابق، ایئرلائنز نے امریکہ آنے جانے والی 3890 سے زائد پروازیں منسوخ کردیں؛ جب کہ تقریباً 1000سے زیادہ دیگر پروازیں تاخیر سے چلائی گئیں۔ نیو یارک، فلاڈیلفیا اور بوسٹن کے اہم مشرقی شہروں میں برف باری نے عام زندگی کا نظام درہم برہم کردیا۔
مارچ میں طوفان، بارش اور برف باری کے سلسلوں کے نتیجے میں اب تک ہزاروں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
امریکی محکمہ موسمیات نے بدھ کی صبح نارتھ کیرولینا سے میساچیوسٹس کے درمیان وسیع علاقے تک کے لیے طوفان کا انتباہ جاری کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ چھ کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوں گے۔
نارتھ ایسٹرن نامی طوفان بحیرہ اوقیانوس سےشروع ہوا جو ورجینیا اور واشنگٹن سے ہوتے ہوئے جمعرات کے روز بوسٹن، میساچیوسٹس میں ختم ہوگا۔
واشنگٹن میں 21مارچ سے موسم بہار کا آغاز ہوتا ہے۔ برفانی طوفان ایک روز پہلے شروع ہوا جو دوسری دِن بھی جاری رہا، جس دوران برف باری کے علاوہ بارشیں ہوتی رہیں۔ وائٹ ہائوس اور محکمہ خارجہ نے بدھ کو ہونے والی تمام تقریبات منسوخ کردیں۔ کانگریس کی عمارت کاروبار کے لیے کھلی رہی، جہاں اخراجات کی قانون سازی کو آخری شکل دینے کی کوششیں جاری رہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شمالی نیوجرسی، جنوب مشرقی نیو یارک اور جنوب مغربی کنیٹی کٹ کے وسیع علاقے پر برف کی 18 انچ چادر بچھ جائے گی۔