بالی وڈ فلم انڈسٹری کی صف اول کی اداکارہ اور سابقہ مس ورلڈ پریانکا چوپڑا نے دنیا کی 'پرکشش ترین ایشیائی خاتون' کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
لندن سے شائع ہونے والے ایک فیشن میگزین کی جانب سے ایشیا کی 50 پرکشش ترین خواتین کی سالانہ رینکنگ میں پریانکا نے گزشتہ برس کی فاتح کترینہ کیف کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سال 2014 کی پر کشش ترین ایشیائی خاتون ہونے کا اعزاز ایک بار پھر سے اپنے نام کر لیا ہے۔ پریانکا ایک بار پہلے بھی یہ اعزاز جیت چکی ہیں۔
ہفت روزہ برطانوی جریدے 'ایسٹرن آئی' کے گیارہویں ایڈیشن کے اس مقابلے میں سال 2014 کی رینکنگ ایک عوامی سروے کے نتائج کی بنیاد پر کی گئی ہے جس میں بھارتی اور پاکستانی فلم انڈسٹری اور فیشن کی دنیا سے تعلق رکھنے والی خوبصورت خواتین کے بارے میں دنیا بھر سے لوگوں نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔
بھارتی ٹیلی ویژن کی باصلاحیت اور خوبصورت اداکارہ درشتی دھامی نے، جنھوں نے 'گیت' اور 'دل مل گئے' جیسے ڈارموں سے راتوں رات شہرت کا سفر طے کیا، اس فہرست میں پریانکا سے ایک قریبی مقابلے کے بعد دوسری پرکشش ترین ایشیائی خاتون ہونےکا اعزاز حاصل کیا ہے۔
ان کے بعد بھارتی ڈرامہ سیریل' اس پیار کو کیا نام دوں' کی خوبرو ہیروئن سانیا ایرانی کو دنیا کی تیسری پر کشش ترین ایشیائی خاتون قراردیا گیا ہے۔
کترینہ کیف کئی برسوں تک پر کشش ایشائی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد رواں برس اس مقابلے میں چوتھے نمبر پر رہی ہیں۔
دنیا بھرمیں لاکھوں دلوں پر حکمرانی کرنے والی 32 سالہ اداکارہ اور گلوکارہ پریانکا چوپڑا نےاس انتخاب پر ٹوئٹر کے ذریعے اپنے مداحوں کو شکریے کا پیغام بھیجا ہے۔
اس فہرست میں پاکستانی فلم 'بول' سے شہرت کی بلندیوں کو چھوںے والی اداکارہ حمیمہ ملک کو پر کشش ترین ایشیائی خواتین میں بیسواںنمبر حاصل ہوا ہے۔ ان کے علاوہ مشہور پاکستانی ڈرامے 'ہمسفر' کی ہیروئن ماہرا خان کو فہرست میں 28 واں نمبر دیا گیا ہے۔
بھارتی ٹی وی اداکارہ گوہر خان کو دنیا کی پانچویں پر کشش خاتون قرار دیا گیا ہے۔ مشہور ڈرامہ سیریل 'ایک ہزاروں میں میری بہنا' کی نیا شرما کو ساتویں اور 'یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے' کی ہیروئن حنا خان کو 23 ویں پر کشش ترین ایشیائی خاتون قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ اس مقابلے میں پہلی بار شامل کی جانے والی اداکارہ پریتیکا راؤ کو 10 ویں نمبر پر جگہ ملی ہے۔
بالی وڈ فلم انڈسٹری کی دیگر صف اول کی اداکاراؤں میں دیپیکا پاڈوکون چھٹے، کرینہ کپور آٹھویں، سونم کپور نویں، شردھا کپور 17 ویں، عالیہ بھٹ 24 ویں، مادھوری ڈکشٹ 28 ویں، کنگنا رناوت 38 ویں، انوشکا شرما 47 ویں، کونیکا کپور 50 ویں نمبر پر پرکشش ترین ایشیائی خواتین کی فہرست میں شامل ہیں۔