گزشتہ سال دسمبر کی بات ہے پشاور کہ آرمی پبلک اسکول میں ہونے والی دہشت گردی اور اس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہونے والی افسوسناک اموات نے جہاں پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا، وہیں بالی ووڈ سے جڑی تمام جانی مانی ہستیوں نے بھی اپنے اپنے انداز میں اس واقعے پر دکھ کا اظہار کیا تھا۔
ان میں معروف میوزیشنز اور گلوکار بھائیوں کی جوڑی سلیم مرچنٹ اور سلیمان مرچنٹ بھی شامل ہیں جنہیں ’سلیم سلیمان‘ کے نام سے بھی دنیا بھر میں شہرت حاصل ہے۔ اس جوڑی نے پشاور سانحہ میں جان گنوا دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک خصوصی گانا ’خالی پن‘ پروڈیوس کیا ہے، جو بقول سلیم اور سلیمان کے، صرف گانا ہی نہیں بلکہ معصوم بچوں کی ہلاکتوں پر ان کے دلی جذبات کا اظہار بھی ہے۔
انگریزی اخبار ’ایکسپریس ٹریبون‘ سے بات کرتے ہوئے سلیم کا کہنا تھا کہ ’سانحے سے ہمارے دل پر بہت گہرا اثر چھوڑا۔ ہم نے ایک لمحے کے لئے تصور کیا کہ اگر اس حادثے میں ہمارے اپنے بچے ہوتے تو ہمارے دل پر کیا گزرتی؟ ہمارے لئے یہ خیال ہی ناقابل برادشت اورروح کولرزا دینے والا تھا۔ ہم نے ’خالی پن‘ اس واقعے سے متاثر ہو کر نہیں بلکہ معصوم بچوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے بنایا ہے۔‘
سلیم اور سلیمان کے بقول، ’خالی پن‘ کے ذریعے ہم نے یہ دکھانے کی کوشش کی ہے کہ اس واقعے سے متاثر ہونے والے والدین اور دیگر اہل خانہ پر کیا گزری ہے، وہ کس اذیت سے دو چار ہوئے۔ ہم نے دہشت گردانہ سوچ رکھنے والوں کو بھی ایک پیغام دیا ہے کہ شاید کہ ہمارا پیغام ہی ان کے دلوں پر کچھ اثر کر جائے۔۔ یہ مشکل ضرور ہے ۔۔لیکن نا ممکن ہرگز نہیں۔
سلیم سلیمان کے تیار کردہ خصوصی گانے ’خالی پن‘ کے بول امیتابھ بھٹہ چاریہ نے لکھے ہیں۔ سونگ جمعہ کو ریلیز ہوگا۔