رسائی کے لنکس

انتخابات 2013 کی کامیاب خواتین


سمیرا ملک (فائل فوٹو)
سمیرا ملک (فائل فوٹو)

عام انتخابات کے غیر حتمی نتائج سامنے آنے کے بعد 14 خواتین نے انتخابات 2013 میں کامیابی حاصل کی جس میں قومی اسمبلی کے لیے 5 جب کہ صوبائی اسمبلیوں کے لیے 9 خواتین کامیاب قرار دی گئی ہیں۔

پاکستان کے انتخابات میں جہاں سیاسی جماعتوں کی جانب سے مرد امیدواروں نے حصہ لیا وہیں خواتین امیدوار بھی کسی سے پیچھے نہیں رہیں۔

11 مئی کو ہونے والے عام انتخابات کے غیر حتمی نتائج سامنے آنے کے بعد 14 خواتین نے انتخابات 2013 میں اپنی دھاک بٹھا لی ہے۔ قومی اسمبلی کے لیے 5 خواتین، جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے لیے 9 خواتین امیدواروں نے الیکشن میں عام نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔


الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق عام انتخابات 2013 کے لیے 516 خواتین نے اپنی قسمت آزمائی جس میں 161 خواتین نے قومی اسمبلی اور 355 خواتین صوبائی اسمبلی کی رکنیت کیلئے الیکشن کا حصہ رہیں۔

قومی اسمبلی کے لئے کامیاب خواتین امیدوار

پاکستان کی قومی اسمبلی کے لیے کامیاب خواتین امیدواروں میں مسلم لیگ(ن) کی 3 خواتین اور پاکستان کی سابقہ حکمران جماعت پیپلزپارٹی کی 2 خواتین نے قومی اسمبلی کی سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔

مسلم لیگ (ن) کی سمیرا ملک نے حلقہ این اے 69 خوشاب سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمیر اسلم خان کو شکست دے کر قومی اسمبلی کی نشست اپنے نام کی۔

دوسری کامیاب خاتون امیدوار (ن) لیگ کی غلام بی بی بھروانہ ہیں جنھوں نے حلقہ این اے 88 چنیوٹ سے آزاد امیدوار مخدوم اسد حیات کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔

تیسری سائرہ افضل تارڑ ہیں جو سابق صدر رفیق تارڑ کی بہو ہیں۔ سائرہ افضل نے این سے 102 سے آزاد امیدوار شوکت علی بھٹی کو مات دی۔


پیپلزپارٹی کی کامیاب خاتون امیدواروں میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے این اے 225 بدین مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون امیدوار یاسمین شاہ کو شکست دیکر کامیابی اپنے نام کی جبکہ پیپلزپارٹی کی رہنما اور صدر آصف زرداری کی بہن فریال تالپور نے حلقہ این اے 207 لاڑکانہ سے غنوی بھٹو کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔

صوبائی اسمبلیوں میں کامیاب ہونے والے خواتین امیدوار

پنجاب اسمبلی

پنجاب اسمبلی کے لیے منتخب ہونے والی (ن) لیگ کی امیدوار نادیہ عزیز نے سرگودھا کے حلقہ پی پی 34 سے کامیابی حاصل کی جب کہ دوسری خاتون رکن اسمبلی عفت معراج ہیں جنھوں نے پی پی 53 سے نشست جیتی۔ مسلم لیگ (ن) کی نازیہ راحیل نے پی پی 88 سے صوبائی اسمبلی کی سیٹ جیتی اور اسی جماعت کی ثمینہ نور نے پی پی 185 اوکاڑہ اور نغمہ مشتاق نے پی پی 206 ملتان سے کامیابی حاصل کی۔

محترمہ ریاض امانت نے حلقہ پی پی 101 گوجرانوالہ سے کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب راشدہ یعقوب نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے حلقہ پی پی 78 جھنگ سے پنجاب اسمبلی کے لیے نشست جیتی۔


سندھ اسمبلی

سندھ اسمبلی کے لیے منتخب ہونے والی خاتون رکن اسمبلی میں پیپلزپارٹی کی پروین عزیز نے حلقہ پی ایس 76 دادو سے جب کہ ثانیہ خان نے حلقہ پی ایس 109 کراچی سے صوبائی اسمبلی کی نشست اپنے نام کی۔

تاہم بلوچستان اور خیبر پختونخوا اسمبلی کی رکنیت کے لیے کوئی خاتون امیدوار کامیابی حاصل نہ کر سکی۔

واضح رہے کہ 2008 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 16 خواتین جب کہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 10 خواتین منتخب ہوئیں تھیں۔
XS
SM
MD
LG