رسائی کے لنکس

سوسائیڈ یا مرڈر: سوشانت سنگھ کی موت پر فلم بنے گی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت پر بھارتی فلمساز وجے شیکھر گپتا نے فلم بنانے کا اعلان کیا ہے۔ فلم کا نام 'سوسائیڈ اور مرڈر' (خود کشی یا قتل) ہو گا۔

فلم کا پہلا پوسٹر ریلیز ہو چکا ہے جب کہ جلد ہی اس کی شوٹنگ بھی شروع ہو جائے گی۔

وجے شیکھر گپتا کے مطابق یہ فلم سوشانت سنگھ راجپوت کی فلم انڈسٹری میں آنے کے لیے جدوجہد اور خود کشی کی وجوہات کا احاطہ کرے گی۔

خیال رہے کہ سوشانت کی موت کے بعد بالی وڈ میں اقربا پروری کے معاملے پر بحث جاری ہے۔

شیکھر گپتا کہتے ہیں کہ سوشانت سنگھ کی خودکشی نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور قوم حقائق جاننا چاہتی ہے۔ فلم کی کہانی اداکار کی زندگی اور جدوجہد سمیت ان کی خودکشی کے بعد ہونے والی تفتیش کی منظر کشی کرے گی۔

پروڈیوسر شیکھر گپتا کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ فلم میں فلم انڈسٹری پر کچھ بڑے فن کاروں اور پروڈکشن ہاؤسز کی اجارہ داری سے پردہ اٹھائیں گے اور ایسا پہلی مرتبہ ہو گا۔

شیکھر گپتا کا کہنا ہے کہ وہ اس فلم کے ذریعے فلم انڈسٹری سے جڑے کچھ رازوں سے پردہ اٹھائیں گے جس سے فلم انڈسٹری کا اصل چہرہ سامنے آ سکے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ فلم انڈسٹری میں آنے کے خواہش مند کئی نوجوان اور باصلاحیت فن کاروں کو سفارش نہ ہونے کے باعث مواقع نہیں ملتے۔ کیوں کہ فن کاروں کا ایک گینگ انہیں آنے اور قدم جمانے کا موقع ہی نہیں دیتا۔ میں اس گینگ کو ختم کرنا چاہتا ہوں۔

بعض بھارتی فن کاروں کا خیال ہے کہ ایسے نوجوان اور باصلاحیت اداکاروں کو انڈسٹری میں موقع نہیں ملتا جن کا کوئی گاڈ فادر نہیں ہوتا۔

کرن جوہر، ایکتا کپور، سلمان خان سمیت کئی بڑے پڑوڈکشن ہاؤسز پر بھی تنقید کا سلسلہ جاری ہے کہ اُنہوں نے ٹیلنٹ کے باوجود سوشانت سنگھ کو اپنی فلموں میں سائن کرنے سے گریز کیا۔

بھارتی پولیس خود کشی کے علاوہ ڈپریشن سمیت اُن محرکات پر بھی تفتیش کر رہی جس نے سوشانت کو انتہائی قدم اُٹھانے پر مجبور کیا۔

پولیس نے سوشانت سنگھ کی قریبی دوست ریحا چکرورتی، سوشانت کے اہل خانہ اور کچھ بالی وڈ اداکاروں سمیت سمیت کم از کم ایک درجن افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سوشانت سنگھ راجپوت کی اچانک موت پر سدھیر کمار اوجھا نامی ایک وکیل نے ریاست بہار کی عدالت میں سلمان خان اور کرن جوہر سمیت آٹھ بالی وڈ شخصیات کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرانے کی درخواست دی ہے۔

XS
SM
MD
LG