رسائی کے لنکس

اب بالی ووڈ فلم ریلیز سے پہلے آجائے گی آئی فون پر


اگریہ منصوبہ کامیاب ہوگیا تو فلم بین ہر نئی فلم ریلیز سے ایک دن پہلے اپنے آئی فون، کمپیوٹریا آئی پیڈ پر دیکھ سکیں گے۔

بھارتی ٹیلی کام کمپنیاں ان دنوں ایک نئے اور اچھوتے منصوبے پر کام کررہی ہیں۔ اگریہ منصوبہ کامیاب ہوگیا تو فلم بین ہر نئی فلم ریلیز سے ایک دن پہلے اپنے آئی فون، کمپیوٹریا آئی پیڈ پر دیکھ سکیں گے۔ ان کمپنیوں کی پوری کوشش یہ ہے کہ انہیں کسی طرح انٹرنیٹ رائٹس مل جائیں۔
ٹائمزآف انڈیا گروپ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ تجویز دراصل ”ون پے ، ون شو“ اسکیم ہے۔ اس سے ٹیلی کام کمپنیز کو تو فائدہ ہے ہی ساتھ ساتھ فلم میکرز کو بھی اس کا مالی فائدہ پہنچے گا۔ ٹیلی کام کمپنی فلم میکرز کو منافع کا آدھا حصہ دینے پر آمادہ ہیں۔
ٹیلی کام کمپنیوں نے اپنے منصوبے میں پائریسی کو بھی مدِنظر رکھا ہے اسی لئے یہ فلمیں ڈاؤن لوڈ نہیں کی جاسکیں گی۔
زیر ِغور منصوبے کے مطابق ہر آن لائن سبسکرائبر سے فلم کے سو سے ڈیڑھ سو روپے تک چارج کئے جائیں گے۔ ایک سبسکرائبر اپنی پوری فیملی یا دوستوں کے ساتھ فلم دیکھ سکے گا۔
ٹیلی کام کمپنیوں کا کہنا ہے کہ اگر اس منصوبے پر عمل درآمد ہوتا ہے تو پہلے مرحلے میں تقریبا ً 7لاکھ کسٹمرز اس منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ گویا ایک شو سے کمپنی کو سات کروڑ روپے کا فائدہ ہوگا جس میں سے ساڑھے تین کروڑ روپے فلم میکر کے ہوں گے۔
زیرغور منصوبے پر بحث کا آغاز
فلم انڈسٹر ی سے وابستہ افراد کے درمیان اس منصوبے پر نئی بحث چھڑ گئی ہے ۔کچھ کی رائے ہے کہ یہ منصوبہ سُود مند ہے جبکہ کچھ اس کے مخالف ہیں۔
فلم میکر مہیش بھٹ کا کہنا ہے کہ منصوبہ شاندار ہے اس سے نئی راہیں کھلیں گی جبکہ ان کے بھائی مکیش اس پلان پر مزید غور کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ مکیش کا کہنا ہے کہ وہ منصوبے پر بہت گہرائی سے سوچ بچار کرنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گے ۔
فلم میکرز کے مقابلے میں تھیٹر مالکان اور ٹی وی چینلز اس منصوبے کے قطعی حق میں نہیں۔ تھیٹر مالکان کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر ایک دن پہلے فلم دکھانے سے ان کے بزنس پر بہت برا اثر پڑے گا۔
نجی ٹی وی چینل مالکان کا کہنا ہے کہ فلم ایک دن پہلے انٹرنیٹ پر دکھانے سے ان کی ریٹنگ کم ہوجائے گی اور ان کے ناظرین کی تعداد گھٹ جائے گی۔
تھیٹر ملازم منوج ڈیسائی کا کہنا ہے کہ اگر فلم میکرز اس ڈیل کے لالچ میں پڑے تو ان کی فلموں کی کلیکشن بالکل ہی گرجائے گی۔
XS
SM
MD
LG