سال 2019 کی 10 بہترین بین الاقوامی فلموں کو اگلے سال ہونے والے اکیڈمی ایوارڈ یعنی آسکر ایوارڈز کی نامزدگی کے لیے شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹ پریس' کے مطابق اس بار نامزدگی کے لیے شارٹ لسٹ ہونے والی بین الاقوامی فلموں میں جنوبی کوریا، اسپین اور سینیگال کی وسیع پیمانے پر سراہی جانے والی فلمیں بھی شامل ہیں۔
ان فلموں کو اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے شارٹ لسٹ کیا ہے۔
دس بہترین بین الاقوامی فلموں میں بونگ جون ہو کی 'پیراسائٹ،' اسپین کے پیڈرو الموڈوور کی 'پین اینڈ گلوری' اور سینیگال کے تاریخ ساز ڈائریکٹر میٹی ڈیوپ کی 'اٹلانٹک' شامل ہے۔
اس بار آسکر میں پہلی مرتبہ ایک نئی کیٹیگری متعارف کی جارہی ہے جسے بہترین 'بین الاقوامی فیچر فلم' کا نام دیا گیا ہے۔ پہلے اس کیٹیگری کو بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کہا جاتا تھا۔
ڈائریکٹر میٹی ڈیوپ رواں سال مئی میں ہونے والے کانز فلم فیسٹیول میں سرِفہرست ایوارڈ کے لیے مقابلہ کرنے والی پہلی سیاہ فارم خاتون ہیں۔
ان کی محنت رنگ لارہی ہے اور کانز کے بعد اب آسکر ایوارڈز کے لیے ان کی فلم 'پیرا سائٹ' کا نام شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
فلم 'اٹلانٹک' کانز فلم فیسٹیول میں 'گراں پری' اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی۔ اگر فلم 'پیراسائٹ' اور 'اٹلانٹک' کو آسکر کے لیے نامزدگی دے دی جاتی ہے تو یہ پہلا موقع ہوگا جب جنوبی کوریا اور سینیگال کو فیسٹیول میں نمائندگی ملے گی۔
جنوبی کوریا، اسپین اور سینیگال کی فلموں کے علاوہ شارٹ لسٹ میں شامل فلموں کے نام کچھ اس طرح ہیں:
چیک رپبلک کی "دی پینٹڈ برڈ"، ایسٹونیا کی ٹروتھ اینڈ جسٹس، فرانس کی لیس میزاایبلز، ہنگری کی دوز ہو ریمانڈ، مغربی میسیڈونیا کی ہنی لینڈ، پولینڈ کی کورپس کرسٹی، روس کی بین پول شامل ہیں۔
مذکورہ فلموں کو 91 قابلِ دید فلموں سے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
92ویں سالانہ اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزدگی کا اعلان 13 جنوری 2020 کو کیا جائے گا جب کہ آسکر ایوارڈ کی تقریب نو فروری 2020 کو لاس اینجلس میں ہوگی۔