رسائی کے لنکس

امریکہ کی چار ریاستوں میں لاک ڈاؤن، کروڑوں شہری گھروں میں محصور


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے امریکہ کی ریاستوں نیویارک، الینوائے اور کینٹیکی نے بھی مکمل لاک ڈاؤن کر دیا ہے اور شہریوں کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سے قبل کیلی فورنیا سمیت امریکہ کی چار ریاستیں لاک ڈاؤن میں ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق کرونا وائرس کے باعث امریکی ریاستوں میں لاک ڈاؤن سے لگ بھگ سات کروڑ شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایات دی ہیں۔

لاک ڈاؤن کے باعث امریکہ کے تین بڑے شہر نیویارک، لاس اینجلس اور شکاگو بھی بند ہیں۔ سان فرانسسکو اور سان ڈیاگو بھی لاک ڈاؤن میں ہیں۔

نیویارک کے گورنر انڈریو کوؤمو نے جمعے کو کہا کہ اب زندگی معمول کے مطابق نہیں رہی ہے۔ اسے تسلیم کریں، اس کا ادراک کریں اور اس صورتِ حال کا مقابلہ کریں۔

کوؤمو نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن اتوار سے شروع ہو جائے گا اور وہ تمام افراد جنہیں انتہائی ضروری کام نہ ہو، اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔ اس کے علاوہ ریاست میں تمام تقریبات اور اجتماعات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب ریاست الینوائے کے گورنر جے بی پرٹزکر نے بھی ایسے ہی احکامات جاری کیے ہیں جو ہفتے سے ہی نافذ العمل ہوں گے۔

خیال رہے کہ امریکہ میں کرونا وائرس سے لگ بھگ 200 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے کم از کم 35 ہلاکتیں ریاست نیو یارک میں ہوئی ہیں۔

اس سے قبل کیلی فورنیا کے حکام جمعے کو ہی ریاست بھر میں لاک ڈاؤن کر چکے ہیں۔ کیلی فورنیا کی آبادی تقریباً چار کروڑ ہے جب کہ الینوائے میں ایک کروڑ 26 لاکھ کے قریب افراد رہتے ہیں۔ نیویارک کی آبادی ایک کروڑ 90 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ یوں ان تین ریاستوں میں لاک ڈاؤن کے بعد امریکہ کے سات کروڑ کے قریب شہری گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

البتہ وہ اشیائے خور و نوش کی خریداری یا دیگر ضروری کاموں کے لیے باہر نکل سکتے ہیں۔

امریکہ میں یہ حفاظتی اقدامات اٹلی اور اسپین کی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں جہاں اب کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے اسپتالوں میں جگہ بنانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

اٹلی میں کرونا وائرس سے چار ہزار ہلاکتوں کے بعد تعداد چین میں ہونے والی ہلاکتوں سے بی آگے نکل گئی ہے جب کہ دنیا بھر میں 11 ہزار سے زائد افراد اس وبا کا شکار ہو کر لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔

جان ہوپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دو لاکھ 75 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ ان میں سے 88 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

امریکہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 19 ہزار 624 تک پہنچ گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG