رسائی کے لنکس

کراچی میں علی ظفر کی فلم کے پریمئر کی تیاریاں


اس کی خاص بات یہ ہے کہ علی ظفر پہلی مرتبہ اپنی کسی فلم کے پریمئر شو میں شرکت کرنے پاکستان پہنچے ہیں، جبکہ فلم کی کاسٹ بھی اس شو میں حصہ لے گی

کراچی ... فن کی دنیا کے آل راوٴنڈر اسٹار، علی ظفر پاکستانی سنیما کے پردے پر ایک اور کارنامہ انجام دینے بھارت سے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ یہ کارنامہ ہے ان کی نئی فلم ’ٹوٹل سیاپا‘ جس کا پرئمیرجمعرات 6 مارچ کو کراچی اور 7مارچ کو لاہور میں ہوگا۔ پرئمیر شوز کی جوشیلے انداز میں تیاریاں آخری مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔

’ٹوٹل سیاپا‘ جمعہ 7 مارچ کو ہی پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی ہے۔

پبلک ریلیشنز فرم ’انسا ئیکلومیڈیا‘ نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ اس پرئمیر کی خاص بات یہ ہے کہ علی ظفر پہلی مرتبہ اپنی کسی فلم کے پریمئر شو میں شرکت کرنے پاکستان پہنچے ہیں، جبکہ فلم کی کاسٹ بھی اس شو میں حصہ لے گی۔

اس سے قبل، ’بن لادن‘، ’لندن پیرس نیویارک‘، ’میرے برادر کی دلہن‘ اور’چشم بددور‘ کے پریمئر کے وقت علی ظفر پاکستان میں موجود نہیں تھے۔

’ٹوٹل سیاپا‘ رومینٹک کامیڈی فلم ہے جس کے پروموز پاکستانی ناظرین میں پہلے ہی ہلچل مچا چکے ہیں۔ فلم کے ہیرو کا تعلق پاکستان جب کہ ہیروئن کا تعلق بھارت سے دکھایا گیا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں علی ظفر، یمی گوتمی، کرن کھیر اور انوپم کھیر شامل ہیں۔

علی ظفر کا کہنا ہے ’فلم میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو ایک نئے زاویئے سے پیش کیا گیا ہے۔ اس لئے، فلم دیکھنے والوں کو مزہ آئے گا۔ فلم کے مزاحیہ کریکٹرز دیکھ کر آپ سب کچھ بھول جائیں گے ۔۔یہ بھی کہ دونوں ممالک کے درمیان سرحدیں حائل ہیں۔ آپ کو لگے گا کہ یہاں اور وہاں والے ایک ہی ہیں، دونوں میں کوئی فرق نہیں۔‘
XS
SM
MD
LG