رسائی کے لنکس

ٹرمپ اور کلنٹن کا اپنے مالی وسائل و آمدن کا اعلان


ریپبلکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار، ٹرمپ نے بتایا ہے کہ اُنھیں گذشتہ 17 ماہ کے دوران 55 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی آمدن ہوئی، جب کہ اُن کے کاروبار سے 19 کروڑ ڈالر کی کمائی ہوئی۔۔ اِن اعداد و شمار کی تصدیق مشکل معاملہ ہے، چونکہ ٹرمپ نے اپنے ٹیکس کے گوشوارے جاری نہیں کیے

ڈونالڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن نے اپنی جائیداد اور مالی وسائل ظاہر کر دیے ہیں، جن دستاویزات میں امریکی صدارتی امیدواروں نے دکھایا ہے کہ وہ لاکھوں ڈالر کماتے ہیں، جب کہ اُن کی آمدن کے ذرائع مختلف ہیں۔

بدھ کو اُنھوں نے یہ دستاویزات وفاقی انتخابی کمیشن کو پیش کیے۔

ریپبلکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار، ٹرمپ نے بتایا ہے کہ اُنھیں گذشتہ 17 ماہ کے دوران 55 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی آمدن ہوئی، جب کہ اُن کے کاروبار سے 19 کروڑ ڈالر کی کمائی ہوئی۔

اِن اعداد و شمار کی تصدیق مشکل معاملہ ہے، چونکہ ٹرمپ نے اپنے ٹیکس کے گوشوارے جاری نہیں کیے، یہ کہتے ہوئے کہ ’انٹرنل روینیو سروس (آئی آر ایس)‘ نے اُنھیں ایسا کرنے سے روکا ہے۔ ’آئی آر ایس‘ نے یہ نہیں کہا آیا وہ ٹرمپ کی آڈٹ کر رہا ہے۔ لیکن اُس کا کہنا ہے کہ آڈٹ اس بات سے نہیں روکتی کہ آمدن ظاہر کی جائے۔

تاہم، ٹرمپ کی 104 صفحات پر مشتمل دستاویز ظاہر کرتی ہے کہ اُن کی جانب سے صدارتی انتخاب لڑنے کی بنا پر اُن کے کاروباری معاملات پر کوئی اثر نہیں پڑا، حالانکہ ابتدا میں اُن کے کاروبار میں بائکاٹ کی دھمکیاں بھی سامنے آئی تھیں۔

کلنٹن ڈیموکریٹک پارٹی کی ممکنہ صدارتی امیدوار ہیں۔ اُنھوں نے اپنی مالیاتی دستاویز ایک روز قبل پیش کی تھی، اور اِس موقعے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرمپ پر زور دیا تھا کہ وہ بھی اپنے ٹیکس ریٹرن ظاہر کریں۔ کلنٹن کی صدارتی مہم کی خاتون ترجمان، کرسٹینا رینالڈز نے کہا ہے کہ ’’صدارتی انتخابات لڑنے کے لیے یہ ایک قانونی ضرورت ہے‘‘۔

گذشتہ سال، کلنٹن نے سنہ 1977 سے 2014 ء تک کے اپنے خاندان کے ٹیکس گوشوارے جاری کیے تھے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے مدِ مقابل صدارتی امیدوار، برنی سینڈرز نے کلنٹن پر عدم شفافیت کا الزام لگایا ہے۔ برنی کلنٹن پر بارہا زور دیتے رہے ہیں کہ وہ اپنے خطابات کے متن بڑے بینکوں اور وال اسٹریٹ کے کرتا دھرتاؤں کو جاری کریں۔

منگل کے روز کی دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کلنٹن نے اپنی کتاب ’ہارڈ چوئسز‘ کی رائلٹی سے 50 لاکھ ڈالر سے زیادہ کمائے، جب کہ صدارتی مہم شروع کرنے سے پہلے اپنی تقاریر کے ذریعے تقریباً 15 لاکھ ڈالر کمائے۔
اُن کے شوہر، سابق صدر بِل کلنٹن نے گذشتہ نومبر تک تقاریر، بینکوں، ٹیکنالوجی اور دیگر مستند مفادات سے 50 لاکھ ڈالر کمائے۔

ہیلری کلنٹن کی زیادہ تر دولت 50 لاکھ ڈالر سے ڈھائی کروڑ ڈالر کے درمیان ہے، جو ’وینگارڈ 500 انڈیکس فنڈ‘ اور ’جے پی مورگن کسٹڈی‘ اکاؤنٹ میں جمع ہے۔

ٹرمپ کے اعلان میں 550 سے زیادہ کاروباروں میں سرمایہ کاری اور درجنوں وسائل سے آمدن کی فہرست دی گئی ہے۔


XS
SM
MD
LG