ایک غیر معمولی ذہین امریکی بچے تنعشق ابراہم نے زبردست تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے کیونکہ 12 برس کی عمر میں اسے دو یونیورسٹیوں نے اپنے بیچلر پروگرام میں داخلے کی پیشکش کی ہے۔
امریکی ریاست کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والا طالب علم تنعشق ابراہم بچپن سے ہی تعلیمی میدان میں کارہائے نمایاں انجام دے رہا ہے۔ اس نے چار سال کی عمر میں دنیا کے ذہین افراد کے کلب مینسا میں شمولیت اختیار کی اور اب وہ امریکی یونیورسٹی کا ایک کم عمر طالب علم بننے جارہا ہے۔
امریکہ کی دو یونیورسٹیوں کیلی فورنیا یونیورسٹی سانتا کروز اور کیلی فورنیا یونیورسٹی ڈیوس نے تنعشق ابراہم کو امریکن ریور کالج سے جونیئر ائیر ٹرانسفر طالب علم کی حیثیت سے داخلے کے لیے قبول کر لیا ہے۔
تنعشق نے دس سال کی عمر میں ہائی اسکول سے گریجویشن کیا اور پچھلے سال ایک کمیونٹی کالج سے تین ایسوسی ایٹ ڈگریاں حاصل کی ہیں۔
’این بی سی نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے تنعشق نے بتایا کہ اس نے ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے کہ اسے کونسی یونیورسٹی کا انتخاب کرنا چاہیئے تاہم اس کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت کا بہت عرصے سے انتظار کر رہا تھا اور اب وہ بالآخر اپنے بیچلر پر کام کرے گا اور اس حوالے سے وہ خاصا پرجوش ہے۔
تنعشق نے بتایا کہ کیلی فورنیا یونیورسٹی ڈیوس اس کے گھر سے بیس منٹ کی ڈرائیو پر واقع ہے جبکہ یونیورسٹی آف کیلی فورنیا سانتا کروز کی طرف سے اسے ریجنٹ وظیفے کی پیشکش ہوئی ہے جو یونیورسٹی کی طرف سے طالب علموں کے لیے سب سے بڑا وظیفہ ہے۔
تنعشق نے یونیورسٹی میں بائیو میڈیکل انجنیئرنگ پروگرام میں داخلہ لیا ہے اور مستقبل میں میڈیسن میں اپنا کیرئیر بنانا چاہتا ہے۔ اسے امید ہے کہ وہ 18 سال کی عمر میں ڈاکٹر اور میڈیکل محقق بنے گا۔ تاہم اس کے ارادوں کی پرواز بہت بلند ہے کیونکہ وہ ایک دن امریکی صدر بننے کی امید بھی رکھتا ہے۔
اس کے والد بیجو میتھیو ابراہام سافٹ وئیر انجنیئر اور والدہ تاجی ابراہام مویشیوں کی ڈاکٹر ہیں اور اس کی دس سالہ بہن ٹیارا ابراہم کو بھی یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے چار سال کی عمر میں ذہانت کے ٹیسٹ میں اعلیٰ اسکور حاصل کر کے مینسا کی رکنیت حاصل کی تھی۔
تنعشق کالج سے پہلے اپنے گھر پر تعلیم حاصل کرتا رہا ہے۔ اس نے پچھلے سال امریکن ریور کالج سے ریاضی، طبی علوم اور جنرل سائنس سمیت غیر ملکی زبانوں کے مطالعے میں تین دو سالہ ڈگریاں حاصل کی ہیں۔
گزشتہ برس امریکی صدر براک اوباما نے اسے دس سال کی عمر میں ہائی اسکول مکمل کرنے پر مبارکباد کا پیغام بھیجا تھا۔ وہ امریکی ٹی وی کے کئی معلوماتی شوز میں بھی حصہ لیتا رہا ہے جس کی وجہ سے اسے ایک چائلڈ اسٹار کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔
تنعشق نے سات سال کی عمر میں کالج فلکیات کے کیمپس میں شمولیت اختیار کی اور کالج کے دوسرے ہم جماعتوں کے درمیان نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کورس کے لیے اے گریڈ حاصل کیا۔
آٹھ سال کی عمر میں وہ اپنے کالج میں فلکیات کے کلب کا نائب صدر منتخب ہوا اور دو برس تک تحقیق کے منصوبوں اور کالج کے مباحثوں میں حصہ لیتا رہا اور کلب کی قیادت سنبھالی۔
اس نے آن لائن فلکیات کے منصوبوں پر کام کیا ہے اور اس کے مضامین ناسا کی ویب سائٹ پر شائع ہوئے ہیں جبکہ آٹھ سال کی عمر میں ناسا کے ڈیٹا اور آن لائن سیٹیزن سائنس پروگرام کا استعمال کرتے ہوئے اس نے ایک شمسی طوفان کی نگرانی کی۔
اسے یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ ناسا کی کانفرنس میں شرکت کرنے والا سب سے کم عمر رکن تھا جس کے لیے اسے ایک خاص ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔