رسائی کے لنکس

مشرقی یوکرین میں پھر لڑائی، تین فوجی اہلکار ہلاک


یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشینکو نے خبردار کیا ہے کہ اگر باغیوں نے مشرقی یوکرین میں جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری رکھی تو وہ علاقے میں مارشل لا نافذ کرکے اپنی فوج کو پیش قدمی کا حکم دیدیں گے

مشرقی یوکرین میں روس نواز باغیوں کے ساتھ جھڑپ میں یوکرینی فوج کے تین اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔

ملک کے شورش زدہ مشرقی علاقے کے لیے یوکرینی صدر کے نمائندہ خصوصی اولگزاندر موتو زینک نے جمعرات کو فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کو بتایا ہے کہ روس نواز باغیوں کی جانب سے 30 کلومیٹر طویل جنگ بندی لائن کے پار سرکاری فوج کے مورچوں پر گولہ باری گزشتہ 24 گھنٹے سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدھ سے اب تک باغی، یوکرینی فوج پر 500 سے زائد مارٹر اور 300 سے زائد توپ کے گولے برسا چکے ہیں۔

یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشینکو نے خبردار کیا ہے کہ اگر باغیوں نے مشرقی یوکرین میں جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری رکھی تو وہ علاقے میں مارشل لا نافذ کرکے اپنی فوج کو پیش قدمی کا حکم دیدیں گے۔

گزشتہ ہفتے روس نے یوکرین کی فوج اور انٹیلی جنس اداروں پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ کرائمیا میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

کرائمیا یوکرین کا حصہ تھا جہاں کی مقامی حکومت نے مشرقی یوکرین میں دو سال قبل مسلح بغاوت کے آغاز پر علاقے کے روس کے ساتھ الحاق کا اعلان کردیا تھا۔ اس الحاق کو یوکرین، امریکہ اور یورپی ملکوں نے تسلیم نہیں کیا ہے۔

یوکرین کی حکومت نے کرائمیا میں حملوں کی منصوبہ بندی کا روسی الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس اس طرح کے الزامات کی آڑ میں مشرقی یوکرین میں دوبارہ سے محاذ آرائی شروع کرنا چاہ رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG