رسائی کے لنکس

شہریوں کو راہداری فراہم کی جائے: یوکرینی صدر


منگل کو کیئف کا دررہ کرتے ہوئے، امریکی معاون وزیر خارجہ، وکٹوریہ نُلینڈ نے معاشی ترقی اور مشرقی یوکرین میں صورت حال کو مستحکم کرنے کی کوششوں میں مدد دینے کے لیے امریکی حمایت کا عہد کیا

یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشنکو نے حکام کو احکامات صادر کیے ہیں کہ مشرقی یوکرین میں محفوظ راہداریاں قائم کی جائیں، تاکہ لڑائی میں گھرے افراد مشرق میں جاری لڑائی سے بچ کر بحفاظت ملک کے دیگر حصوں کی طرف نکل سکیں۔

یہ اعلان کرتے ہوئے، صدر نےمنگل کے روز کہا کہ وہ اس بات کے خواہاں ہیں کہ مزید ہلاکتوں سے بچا جائے، ایسے میں جب کلیدی سرکاری تنصیبات کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے لیے یوکرینی افواج روس نواز علیحدگی پسندوں سے نبرد آزما ہیں۔

روسی وزیر خارجہ، سرگئی لاوروف نے منگل کے روز کہا کہ روس مسٹر پوروشنکو کے احکامات کا خیرمقدم کرتا ہے۔ اپنے جرمن ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے بعد، سینٹ پیٹرز میں ایک اخباری کانفرنس کرتے ہوئے، اُنھوں نے کہا کہ یوکرین میں جنگ بندی پر دھیان مبذول کرنا اور یوکرین کے علاقوں میں مکالمے کا آغاز کیا جانا ضروری ہے۔

منگل کو کیئف کا دررہ کرتے ہوئے، امریکہ کی معاون وزیر خارجہ، وکٹوریہ نُلینڈ نے معاشی ترقی اور مشرقی یوکرین میں صورت حال کو مستحکم کرنے کی کوششوں میں مدد دینے کے لیے امریکی حمایت کا عہد کیا۔

نُلینڈ نے’پُرامن اور منصفانہ‘ انتخابات پر ایک بار پھر یوکرین کے لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔

نُلینڈ کے بقول، ’اور اب اصل کام کا آغاز ہوتا ہے، جو ہے ملک میں تکالیف کا ازالہ، ملک کو صاف کرنا، ملک کی تعمیرِ نو، ملک کو تقویت دینا، یوکرین کے لوگوں کو ایک متحد، جمہوری یورپی طرز کا خوش حال ملک بنانا، جو آپ کا حق ہے۔‘

یوکرین کی وزارت خارجہ نے پیر کے روز کہا کہ اُس نے روس کے ساتھ ایک دوطرفہ سمجھوتا طے کیا ہے جس کا مقصد روسی سرحد کے قریب، اور یوکرین کے لہانسک اور ڈونیسک کے علاقوں میں جنگ بندی کے منصوبے کے سلسلے میں اہم مراحل کا حصول ہے۔

وزارت کے بیان میں اِس سمجھوتے کی تفصیل نہیں بتائی گئی، جو یورپ میں سلامتی اور تعاون سے متعلق تنظیم کی ثالثی میں دو روزہ مذاکرات کے نتیجے میں طے پایا۔
XS
SM
MD
LG