رسائی کے لنکس

پاکستانی موسیقار عثمان ریاض ’ٹیڈ سینئیر فیلو‘ مقرر


امریکہ میں برکلے کالج آف میوزک کے پاکستانی طالبعلم عثمان ریاض کو 2014ء میں ٹیڈ کانفرنسز کی نمائندگی کے لیے سینئیر فیلو مقرر کیا گیا ہے۔

امریکی ریاست میساچوسسٹس کے شہر بوسٹن میں واقع برکلے کالج آف میوزک کے پاکستانی طالبعلم عثمان ریاض کو ان 12 سینئیر فیلوز میں سے ایک چنا گیا ہے جو 2014ء کے دوران اگلی چار ’ٹیڈ کانفرنسز‘ میں نمائندگی کریں گے۔ یہ خبر برکلے کالج آف میوزک کی ویب سائیٹ پر شائع کی گئی۔

ٹیڈ کانفرنسز کا آغآز 80 کے عشرے میں ہوا تھا اور اس کا مقصد دنیا بھر کے ان لوگوں کو مدعو کرنا تھا جو کچھ انوکھا کرنا چاہتے ہیں۔ پہلے پہل یہ ٹیکنالوجی اور ڈیزائن تک محدود تھا مگر وقت کے ساتھ ساتھ اس کا دائرہ ِ کار بڑھتا چلا گیا۔ اب ٹیڈ کانفرنسز میں تحقیق، سائنس اور ثقافت کے حوالے سے گفتگو کی جاتی ہے اور عموماً اسے کہانی کے انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔

ٹیڈ کانفرنسز میں ایسے ہی ہونہار لوگ آتے ہیں جو اپنا آئیڈیا اور خیال لوگوں کے سامنے پیش کرتے ہیں۔ ماضی میں بل کلنٹن، گورڈن براؤن، ال گور، بل گیٹس اور کئی نوبیل انعام یافتہ شخصیات حصہ لے چکی ہیں۔

کراچی میں پیدا ہونے والے عثمان ریاض کو بچپن سے ہی موسیقی سے شغف تھا۔ 6 سال کی عمر میں انہوں نے باقاعدہ پیانو بجانے کی تربیت لینا شروع کی۔ مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی دلچسپی موسیقی کے دیگر آلات سیکھنے میں بڑھتی چلی گئی۔ چونکہ پاکستان میں میوزک کے بہت زیادہ اساتذہ موجود نہیں تھے، اسی لیے عثمان نے انٹرنیٹ کو اپنا استاد بنایا۔ اور انٹرنیٹ کی مدد سے ہی انہوں نے گٹار بجانا سیکھا۔ انٹرنیٹ کی ہی وجہ سے انہوں نے کئی دیگر آلات جیسا کہ ہارمونیکا، مینڈولن، ہارمونیم اور پرکشن بجانا سیکھے۔

انٹرنیٹ کے ذریعے ہی عثمان نے اپنا تیار کردہ میوزک پھیلانا شروع کیا۔ ان کی ایک وڈیو ’فائر فلائی‘ کو بہت زیادہ شہرت حاصل ہوئی اور TED کے منتظم کرس اینڈرسن کی توجہ حاصل کی۔
عثمان ریاض اس وقت برکلی کالج آف میوزک میں پہلے سمسٹر کے طالبعلم ہیں اور کمپوزیشن اور پرفارمنس میں اپنی ڈگری حاصل کر رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG